خواجہ سراؤں کو انجن کے ڈبے میں سُلانے پر ڈرائیور سمیت 4 افراد گرفتار


شالیمار ایکسپریس کے انجن میں خواجہ سراؤں کو سفر کرنے اور سونے کی اجازت دینے کے معاملے پر ریلوے پولیس نے ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور دو خواجہ سراؤں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شالیمار ایکسپریس کے انجن میں خواجہ سراؤں کے سفر کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ریلوے پولیس حرکت میں آگئی ہے۔
واقعہ سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرین کے عملے اور انجن میں سفر کرنے والے خواجہ سراؤں کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق خواجہ سراؤں نے ساہیوال سے رائے ونڈ تک شالیمار ایکسپریس کے انجن میں سفر کیا۔ اس دوران ایک خواجہ سرا نے اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کی نشست پر لیٹ کر نیند بھی کی۔
ریلوے پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں ٹرین ڈرائیور امتیاز، اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر اور خواجہ سراؤں علی جان اور حانیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹرین کے دونوں ملازمین پر الزام ہے کہ انہوں نے خواجہ سراؤں کو انجن میں سفر کرنے اور وہاں قیام کرنے کی اجازت دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ ریلوے پولیس نے درج کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles