بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: پیٹ کمنز نے سارا ملبہ عثمان خواجہ پر ڈال دیا

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سو فیصد غلط قرار دے دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اسپورٹس کے مطابق پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ انہیں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس سازش کا حصہ تھے۔

عثمان خواجہ نے رواں ہفتے اپنی خودنوشت سوانح عمری ’’صبر‘‘ شائع کی ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند خراب کرنے کے منصوبے کا علم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹ کمنز سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی اس معاملے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تھی۔

خواجہ کے ان الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے پیٹ کمنز نے سڈنی میں 68 منٹ طویل پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اگر عثمان خواجہ کا مطلب یہ ہے کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ سینڈ پیپر میدان میں لے جایا جا رہا ہے تو یہ بات سو فیصد غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ آٹھ سال سے مسلسل یہی کہہ رہا ہوں کہ مجھے اس معاملے کا کوئی علم نہیں تھا۔ خواجہ کا یہ کہنا کہ میں اور دیگر کھلاڑی سینڈ پیپر کے ذریعے گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کے معمار تھے، مکمل بکواس ہے۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ عثمان خواجہ ان کے دوست ہیں، لیکن دوستی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی دوسرے شخص کی زندگی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والی باتیں بغیر سوچے سمجھے کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عثمان کی حمایت کرتا ہوں کہ وہ اپنی کہانی لوگوں کے سامنے رکھیں، لیکن ہمیں اپنے کہے اور کیے کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔

کمنز نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس اس لیے خود منعقد کی تاکہ تمام سوالات کے جواب دے سکیں اور اس معاملے پر دوبارہ بات نہ کرنی پڑے۔

2018 میں کیا ہوا تھا؟

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلیا کے کھلاڑیوں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر گیند کی حالت خراب کرنے کے منصوبے میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

تحقیقات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

پیٹ کمنز نے ان سزاؤں کو بھی سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں تینوں کھلاڑیوں کو دی جانے والی سزائیں ضرورت سے زیادہ سخت تھیں۔

انہوں نے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے پوری ٹیم نے مل کر کوئی منصوبہ بنایا تھا۔

کمنز کے مطابق غیر قانونی طریقے استعمال کرنے کا کوئی بڑا منصوبہ نہیں تھا۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ جب کھلاڑی قانونی طریقوں سے گیند کو سوئنگ کرانے کی کوشش کرتے ہیں تو اچانک سینڈ پیپر استعمال کرنے کا فیصلہ بھی کسی بڑے منصوبے کے تحت کیا گیا ہوگا، لیکن ایسا نہیں تھا۔ نہ کوئی خفیہ منصوبہ تھا، نہ ٹیم میٹنگ ہوئی اور نہ ہی بولرز نے مل کر ایسا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

خواجہ کے دعووں پر دیگر کھلاڑیوں کا ردعمل

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ انہیں اس معاملے کی تحقیقات کے دوران اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، حالانکہ وہ متعلقہ ٹیسٹ میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے پوری ٹیم سے اسکینڈل کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم دو کھلاڑیوں نے ان کی تجویز مسترد کردی تھی۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ انہیں ایسی کسی تجویز یا اسے مسترد کیے جانے کا واقعہ یاد نہیں۔

دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے الزامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وارنر کا کہنا تھا کہ میں عثمان کے ساتھ ہوں، وہ سچ کہہ رہے ہیں۔ کپتان نے عثمان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ہمیں روزانہ اس معاملے کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میرے خیال میں تحقیقات درست طریقے سے نہیں ہوئیں اور جب تک حقیقت سامنے نہیں آتی، یہ معاملہ ختم نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس وقت تک اس معاملے کو قبول نہیں کریں گے جب تک مکمل سچائی سامنے نہیں آجاتی۔

تاہم آسٹریلیا کے سابق کوچ ڈیرن لیمن، سابق معاون کوچ گریم ہک اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے خواجہ کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ رہنے والے فاسٹ بولر چاڈ سیئرز نے خواجہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

تحقیقات دوبارہ کھولنے کا معاملہ

پیٹ کمنز نے بتایا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ سے بھی ملاقات کی ہے، جنہوں نے عثمان خواجہ کی کتاب سامنے آنے کے بعد بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق پرانی تحقیقاتی فائلوں کا جائزہ لیا۔

کمنز کے مطابق گرین برگ نے انہیں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آنے والے بیانات ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہیں۔

تاہم ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ دونوں نے تحقیقات کے طریقہ کار پر تنقید کی ہے، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات دوبارہ نہیں کھولی جائیں گی۔

کمنز نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر میں صرف ایک مرتبہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا واقعہ دیکھا، جو ڈومیسٹک کرکٹ کے شیفیلڈ شیلڈ ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کے دوران بعض اوقات بولرز گیند کو مخصوص حالت میں تیار کرتے ہیں تاکہ وہ ریورس سوئنگ کی مشق کرسکیں۔ اس مقصد کے لیے کبھی سینڈ پیپر یا اسٹینلے نائف سے بھی گیند کی سطح کو کھردرا کیا جاتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ٹریننگ کے دوران گیند کی حالت تبدیل کرنے اور کسی بین الاقوامی میچ میں غیر قانونی طریقے سے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے میں فرق ہے۔

واضح رہے کہ پیٹ کمنز 2021 سے آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور اب تک 77 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ عثمان خواجہ کے ساتھ 56 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کا حصہ رہے، جبکہ خواجہ نے رواں سال جنوری میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

عثمان خواجہ کی کتاب سامنے آنے کے بعد 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل نے ایک بار پھر آسٹریلوی کرکٹ میں تنازع کھڑا کردیا ہے۔

ایک جانب خواجہ اور وارنر تحقیقات پر سوال اٹھا رہے ہیں تو دوسری جانب کمنز سمیت کئی سابق اور موجودہ کھلاڑی ان الزامات کو مسترد کر رہے ہیں۔ اس تنازع میں مزید بیانات سامنے آنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles