مخدوم خاندان میں 10 ارب روپے کی جائیداد کا تنازع شدت اختیار کر گیا


سندھ کے بااثر سیاسی و روحانی مرکز ہالا کے مخدوم خاندان میں 10 ارب روپے مالیت کی وراثتی جائیداد کا تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سندھی ادبی بورڈ کے چیئرمین مخدوم سعید الزمان کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ طلبی صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی جانب سے درج کرائی گئی باضابطہ شکایت کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
مٹیاری اور حیدرآباد کے اس معروف خاندان کے اندرونی حلقوں میں یہ تنازع چچا اور بھتیجے سمیت خاندان کے دیگر اہم ارکان کے درمیان سامنے آیا ہے۔
مخدوم سعیدالزمان کی جانب سے اپنے بھتیجے مخدوم محبوب الزمان اور دیگر صوبائی و قومی اسمبلی کی شخصیات کے خلاف اینٹی کرپشن اور قومی احتساب بیورو (نیب) میں مقدمات دائر کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ حکام کی جانب سے فریقین کو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
وراثتی جائیداد کی تقسیم کے اس معاملے کے ساتھ ساتھ خاندان میں سیاسی اور انتظامی چپقلش بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مخدوم سعید الزمان عاطف اور مخدوم جمیل الزمان کے گروہوں کے درمیان ضلعی کونسل کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شدید اختلافات پائے جاتے ہیں، جس کے باعث دونوں دھڑوں کی راہیں جدا ہونے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔
تحقیقاتی اداروں کی جانب سے طلبی اور قانونی چارہ جوئی کے آغاز کے بعد ہالا کے اس بااثر خاندان کے اندرونی معاملات آئندہ دنوں میں مزید اہم رخ اختیار کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles