جینسن ہوانگ کے اینویڈیا کی ایک اور خاتون ملازم سے تعلقات کا انکشاف

ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی اینوڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کے ذاتی معاملات سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کمپنی کی قیادت سے ان کی علیحدگی کا معاملہ مزید توجہ حاصل کر رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق انہیں کمپنی کی ایک اور دوسری خاتون ملازمہ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات تھے، جس کا انکشاف خبر رساں ادارے رائٹرز نے کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، جینسن ہوانگ کے ایک دوسری خاتون ملازمہ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے سے واقف دو افراد نے بتایا کہ یہ تعلقات اینوڈیا میں کام کرنے والی ایک خاتون کے ساتھ تھے، تاہم رائٹرز نے ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ خبر رساں ادارے نے خاتون سے رابطے کی کوشش بھی کی، لیکن تاحال کامیابی نہیں ہوئی۔

یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب جینسن ہوانگ کے دو دیگر خواتین کے ساتھ بھی مبینہ ازدواجی تعلقات کی خبریں پہلے ہی سامنے آ چکی تھیں۔ ان میں ایلس ہوانگ اور اینوڈیا کی نائب صدر برائے صحت کی دیکھ بھال کمبرلی پاول شامل ہیں۔

جینسن ہوانگ نے 8 نومبر کو جاری کیے گئے بیان میں ایک خاتون کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کیا تھا۔ یہ بیان ایلس ہوانگ کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں خاتون کا نام نہیں لیا تھا۔

63 سالہ جینسن ہوانگ شادی شدہ ہیں۔ ان کے ذاتی معاملات سے متعلق خبروں کے بعد ان پر کمپنی کی قیادت چھوڑنے کے لیے دباؤ بڑھتا گیا اور بالآخر جمعرات کو ان کے استعفے کی خبر سامنے آئی۔

دوسری جانب ان کی رخصتی کو صرف ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی میں قیادت کی تبدیلی کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا، بلکہ اس کے اثرات اے آئی کی پوری صنعت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ جینسن ہوانگ نے اینوڈیا کو اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی میں ایک مرکزی مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اینوڈیا نے اپنی مالی طاقت استعمال کرتے ہوئے اے آئی کے شعبے میں کئی کمپنیوں اور اداروں کی معاونت کی۔ کمپنی نے ایسے مالی انتظامات کیے جن کے ذریعے کلاؤڈ کمپیوٹنگ فراہم کرنے والی کمپنیوں اور اے آئی لیبارٹریز کے لیے اس کی تیار کردہ جدید چپس خریدنا آسان ہوا۔ اس حکمت عملی نے اے آئی کی صنعت کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

جینسن ہوانگ کی علیحدگی کے بعد اینوڈیا کے بورڈ نے کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او مقرر کر دیا ہے۔ کمپنی اب مستقل سربراہ کی تلاش کر رہی ہے، جس کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں امیدواروں پر غور کیا جا رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں اینوڈیا کے بورڈ نے اس معاملے کی تحقیقات بھی شروع کی تھیں کہ آیا جینسن ہوانگ کسی غیر ملکی انٹیلی جینس آپریشن کا نشانہ تو نہیں بنے۔ اس تحقیقات کی نگرانی کمپنی کے آزاد ڈائریکٹرز کر رہے ہیں، جبکہ قانونی معاملات میں بیرونی وکلا کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے۔ اس وقت بورڈ نے جینسن ہوانگ پر اعتماد کا اظہار بھی کیا تھا۔

ان خبروں کے اثرات کمپنی کے شیئرز پر بھی دکھائی دیے۔ جمعرات کو اینوڈیا کے شئیرز کی قیمت میں 5.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اکتوبر کے آغاز میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سے کمپنی کے شئیرز مجموعی طور پر 30 فیصد سے زیادہ قدر کھو چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles