پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز؛ 60 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک


اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ’پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026‘ کا آغاز ہو گیا، دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندے، سفارت کار، عالمی مالیاتی اداروں اور کان کنی کی بین الاقوامی کمپنیوں سے وابستہ سرمایہ کار شریک ہیں۔
اسلام آباد میں جاری دو روزہ بین الاقوامی فورم کا باضابطہ افتتاح جمعرات کے روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔
افتتاحی سیشن میں مختلف ممالک کے سفارت کار، عالمی مالیاتی اداروں اور کان کنی سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، گورنر خیبرپختونخوا سمیت سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔

یہ فورم حکومتِ پاکستان اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی ویب سائٹ کے مطابق فورم کا مقصد پاکستان کو عالمی معدنیات اور کان کنی کی معاشی منڈیوں میں اہم مقام دلانا اور ملک کے وسیع معدنی وسائل کو پائیدار ترقی، معاشی تبدیلی اور عالمی سپلائی چین کے استحکام کے لیے بروئے کار لانا ہے۔

فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ایک ایسی معیشت کا قیام ہے جو پیداواری صلاحیت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مبنی ہو۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے معدنی مستقبل میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے اور حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل کی ترقی سے وہاں کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود کو حقیقی فائدہ پہنچے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کا معدنیاتی ترقی کا منصوبہ صرف بلوچستان تک محدود نہیں بلکہ اس میں خیبر پختونخوا، معدنی وسائل سے مالا مال شمالی علاقوں، پنجاب اور سندھ کی صلاحیتوں سے استفادہ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد محض معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ بتدریج مقامی سطح پر پراسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈڈ صنعتی مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فورم میں 60 سے زائد ممالک کی شرکت پاکستان کے معدنی وسائل میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی اور اس شعبے میں دیرپا شراکت داری قائم کرنے کے عزم پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
نامزد امریکی سفیر کی آج نیوز سے گفتگو
پاکستان کے لیے نامزد امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے بڑی منڈی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اہم معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے زیرِاہتمام تیسرے سالانہ ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم کا حجم گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہا ہے اور یہ ملک کاروبار کے لیے ایک بڑی منڈی کے طور پر خود کو منوا رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں اہم معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
نامزد امریکی سفیر نے انویسٹمنٹ فورم کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی اس ایوںٹ کے ذریعے سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبریں اور اہم اعلانات سامنے آئیں گے۔

پنجاب میں معدنیات سے آمدن میں اضافہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران صوبائی محکمہ معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدن بڑھ کر 40 ارب روپے ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں پلیسر گولڈ (دریائی ریت میں موجود سونے کے ذرات) کے ذخائر موجود ہیں اور ان کی مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے اور مطالعات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ چنیوٹ میں 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن لوہے کے ذخائر موجود ہیں، جنہیں پراسیسنگ کے ذریعے اسٹیل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے گلابی نمک (پنک سالٹ) کی ویلیو ایڈیشن کو بھی آمدن میں اضافے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں مزید قدر افزائی سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
صوبائی قیادت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو دعوت
فورم سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور خیبر پختونخوا کے گورنر نے بھی خطاب کیا اور معدنی وسائل کی صلاحیت، سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے میں معدنی راہداری کے تحفظ کے لیے ایک اور سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے ریکوڈک منصوبہ 2029 تک فعال ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت سوئی میں فرٹیلائزر سٹی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سارونہ کے علاقے میں سوئی سے بھی زیادہ تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبے میں مائنز اینڈ منرلز کمپنی جلد فعال کر دی جائے گی۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کو مواقع سے بھرپور خطہ قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں 27 مختلف معدنیات کی نشاندہی کی گئی ہے اور حکومت نے اس شعبے کے لیے ایک مضبوط نظام بھی تشکیل دیا ہے۔
انہوں نے تھر کے کوئلے کی اہمیت اور اس سے پیدا ہونے والی توانائی کا ذکر کرتے ہوئے اسے صوبے کے اہم معدنی وسائل میں سے ایک قرار دیا۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے سرمایہ کاروں کو علاقے میں مختلف معدنیات کے ذخائر اور امکانات تلاش کرنے کی دعوت دی۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین آذر نے کہا کہ ان کی حکومت نے معدنیات کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ضروری طریقہ کار وضع کر لیا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق کانفرنس کے دوسرے روز، 13 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر فورم سے خطاب کریں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles