حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطوں کی تردید کردی


وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کسی بھی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطوں کی تردید کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کے پی ٹی آئی سے اس وقت کوئی رابطے نہیں ہورہے اور تحریک انصاف کے لیے نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل دی جارہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بیک ڈور رابطوں کی باتیں محض خواہشات ہیں، ایک طرف پی ٹی آئی والے خود کو آئرن مین ظاہر کررہے ہیں جب کہ دوسری جانب رابطوں کی باتیں بھی کرتے ہیں، جو ان کے اپنے مؤقف سے مختلف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا جواب سامنے آچکا ہے، وکلا کو طبی ماہر بننے کے بجائے قانونی نکات پر توجہ دینی چاہیے۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو اپنے معاملات کے حل کے لیے عدالتوں سے ہی رجوع کرنا ہوگا اور اس کے لیے راستہ بھی عدالت سے ہی ملے گا۔
یاد رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور رابطوں کا معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے خبروں میں ہے۔ اکتوبر کے آغاز میں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع ہوا تھا تاہم عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت اور خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کی پالیسی سمیت بعض معاملات پر اختلافات کے باعث بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔

بعد ازاں 27 اکتوبر کو وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت کے پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں سے آف دی ریکارڈ رابطے ہیں، جو کبھی ٹیلی فون پر اور کبھی قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران ہوتے ہیں تاہم انہوں نے رابطے میں رہنے والے رہنماؤں کے نام بتانے سے گریز کیا تھا اور کہا تھا کہ معاملات آگے بڑھے تو باضابطہ مذاکرات کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی ستمبر میں واضح کرچکے ہیں کہ پارٹی کے حکومت کے ساتھ باضابطہ مذاکرات یا بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے تاہم سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔
اب ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کسی بھی قسم کے رابطوں، ڈیل یا ڈھیل کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles