
چین کے صوبے شانشی میں ایک 47 سالہ کسان نے معاوضے سے مبینہ طور پر عدم اطمینان پر کھدائی کرنے والی بھاری مشین (ایکسکیویٹر) کے ذریعے سرکاری عمارت پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں عمارت کے مرکزی دروازے کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث 47 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق واقعہ پیر کی صبح صوبہ شانشی کے انتظامی سروس سینٹر میں پیش آیا، جہاں ایک کسان نے ایکسکیویٹر چلاتے ہوئے سرکاری دفتر کے مرکزی داخلی راستے کو نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشین عمارت کے داخلی دروازے کے اوپر بنے حصے کو توڑ رہی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران عمارت میں موجود ملازمین کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صوبائی دارالحکومت ژیان کے پبلک سکیورٹی بیورو نے اپنے بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت 47 سالہ ہو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم زیر حراست ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
سرکاری عمارت کے ایک ملازم نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کے خیال میں ملزم اپنے مویشیوں کے فارم کو مسمار کیے جانے کے بدلے ملنے والے معاوضے سے مطمئن نہیں تھا۔ تاہم پولیس نے تاحال حملے کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں کی۔
ژیان پبلک سیکیورٹی بیورو کے مطابق واقعے کے بعد سرکاری سروس سینٹر میں معمول کے کام دوبارہ شروع ہوگئے تھے۔ بعد ازاں عمارت کے عملے کو داخلی راستے کی سیڑھیوں سے ملبہ صاف کرتے بھی دیکھا گیا۔
چین میں سرکاری عمارتوں پر اس نوعیت کے حملے انتہائی غیر معمولی ہیں، کیونکہ وہاں عوامی احتجاج اور خصوصاً سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر سخت قانونی کارروائی ہوسکتی ہے، جس میں طویل قید کی سزا بھی شامل ہے۔
تاہم حالیہ برسوں میں چین میں احتجاج کے واقعات میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان احتجاجی مظاہروں کی بڑی وجوہات میں معاشی مشکلات، معاوضوں کی عدم ادائیگی اور تنخواہوں سے متعلق تنازعات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جون میں بھی چین میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا تھا، جب 66 سالہ شخص نے ایک چھوٹا طیارہ بیجنگ کی بلند ترین عمارت سے ٹکرا دیا تھا۔ اس واقعے میں طیارہ اڑانے والا شخص ہلاک ہوگیا تھا۔
چینی حکام نے ابتدا میں اس واقعے سے متعلق اطلاعات کو ملک کے اندر محدود کردیا تھا، تاہم بعد میں دعویٰ کیا گیا کہ طیارہ اڑانے والے شخص نے خودکشی کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ واقعے کے بعد بیجنگ نے ڈرونز سے متعلق قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔