
پاکستان میں ایک روز اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 1500 روپے اور 10 گرام سونا 1286 روپے سستا ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں پیر کے روز پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں 1 ہزار 286 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 372 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 15 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار 083 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 5723 روپے پر برقرار رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 09 نومبر کو سونے کی فی تولہ قیمت 3200 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 336 روپے ہو گئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2744 روپے اضافے سے 3 لاکھ 70 ہزار 658 روپے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔