پریمیئم کے بغیر یوٹیوب پر اشتہارات سے چھٹکارا حاصل کرنے کے آسان طریقے

یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے بار بار آنے والے اشتہارات صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب وڈیو دیکتے وقت تسلسل قائم رکھنا ضروری ہواور اس دوران اشتہار آ جائے۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے یوٹیوب پریمیم کی سبسکرپشن حاصل کرنا ایک آسان راستہ ہے لیکن جیب پر بھاری پڑتا ہے، تاہم کچھ مفت براؤزرز اور ایپلی کیشنز بھی ایسی سہولت فراہم کرتی ہیں جن کے ذریعے صارفین بغیر اشتہارات کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔

ان متبادل طریقوں میں کچھ ایسے براؤزرز شامل ہیں جو خودکار طور پر اشتہارات روک دیتے ہیں، جبکہ بعض ایپلی کیشنز یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے کے لیے الگ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔ یہ سہولت اینڈرائیڈ فونز، آئی فونز، کمپیوٹرز اور مخصوص اسمارٹ ٹی وی پر بھی دستیاب ہے۔

بریو براؤزر

یوٹیوب پر اشتہارات سے بچنے کا ایک آسان طریقہ بریو براؤزر (Brave Browser) استعمال کرنا ہے۔ اس میں پہلے سے موجود اشتہارات روکنے کا نظام، جسے بریو شیلڈزکہا جاتا ہے، ویب سائٹس پر دکھائے جانے والے اشتہارات اور صارفین کی سرگرمیوں کا تعاقب کرنے والے ٹریکرز کو بلاک کرتا ہے۔

اسے اینڈرائیڈ فون، آئی فون، آئی پیڈ، ونڈوز کمپیوٹر، میک اور لینکس پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ صارفین کو صرف اپنی ڈوائس پر بریو براؤزر انسٹال کرکے اس میں یوٹیوب کی ویب سائٹ کھولنی ہوگی۔ اس کے بعد ویڈیوز دیکھنے کے دوران بہت سے اشتہارات خودکار طور پر بلاک ہو جاتے ہیں اور کسی اضافی ایکسٹینشن کی ضرورت نہیں پڑتی۔

اینڈرائیڈ صارفین یوٹیوب کو موبائل کی ہوم اسکرین پر بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ’بریو‘ میں یوٹیوب کھولیں، تین نقطوں والے مینو پر جائیں اور ’ایڈ ٹو ہوم اسکرین‘ کا انتخاب کریں۔ اس طرح یوٹیوب کا آئیکون موبائل کی اسکرین پر آ جائے گا اور اسے ایک الگ ایپ کی طرح کھولا جا سکے گا۔

فائر فاکس اور یو بلاک اوریجن

اشتہارات سے بچنے کا دوسرا طریقہ فائر فاکس براؤزر کے ساتھ یو بلاک اوریجن ایکسٹینشن استعمال کرنا ہے۔ یہ ایک مفت ٹول ہے جو ویب سائٹس پر اشتہارات، پاپ اپس اور غیر ضروری ٹریکرز کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔

اس سہولت سے اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلٹس کے علاوہ ونڈوز، میک اور لینکس کمپیوٹرز پر بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے فائر فاکس انسٹال کرنے کے بعد اس کے ایکسٹینشنز سیکشن میں جائیں، یو بلاک اوریجن تلاش کرکے انسٹال کریں اور پھر یوٹیوب کھول لیں۔

اس کے بعد براؤزر میں ویڈیوز دیکھتے ہوئے بہت سے اشتہارات نظر نہیں آئیں گے۔ تاہم آئی فون اور آئی پیڈ پر فائر فاکس میں اس ایکسٹینشن کو استعمال کرنے کی سہولت دستیاب نہیں، اس لیے ایپل کے موبائل آلات پر بریو ایک بہتر متبادل ہے۔

نیو پائپ

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیو پائپ ایک اور مفت متبادل ہے۔ یہ ایک اوپن سورس ایپلی کیشن ہے، یعنی اس کا بنیادی سافٹ ویئر عوامی طور پر دستیاب ہوتا ہے اور اسے ڈویلپرز جانچ اور بہتر بنا سکتے ہیں۔

یہ ایپ براؤزر کے بجائے ایک الگ ویڈیو پلیئر کے طور پر کام کرتی ہے، جس کے ذریعے صارفین یوٹیوب کی ویڈیوز تلاش کرنے، چینلز دیکھنے اور ویڈیوز چلانے کے ساتھ دیگر سہولتوں سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

نیو پائپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے ویڈیوز بغیر اشتہارات کے دیکھی جا سکتی ہیں۔ اس میں بیک گراؤنڈ پلے بیک، یعنی دوسری ایپس استعمال کرتے ہوئے بھی ویڈیو کی آواز سننے، چھوٹی ونڈو میں ویڈیو چلانے اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

اسے استعمال کرنے کے لیے گوگل اکاؤنٹ میں سائن اِن کرنا بھی ضروری نہیں۔ صارفین اسے اس کی سرکاری ویب سائٹ یا ایف ڈرائیڈ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ البتہ اس کا انٹرفیس اور استعمال کا طریقہ اصل یوٹیوب ایپ سے مختلف ہے۔

فری ٹیوب

کمپیوٹر پر یوٹیوب ویڈیوز بغیر اشتہارات دیکھنے کے لیے فری ٹیوب ایک مفت متبادل ہے۔ یہ ونڈوز، میک اور لینکس آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتا ہے اور صارفین کو ویڈیوز تلاش کرنے، چینلز دیکھنے اور اپنی پسند کی ویڈیوز کی فہرست بنانے کی سہولت دیتا ہے۔

اس ایپلی کیشن کے ذریعے ویڈیوز بغیر اشتہارات کے دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ صارفین کی سبسکرپشنز اور دیکھنے کی تاریخ بھی کمپیوٹر میں محفوظ رہتی ہے۔ اس کے لیے گوگل اکاؤنٹ سے سائن اِن کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

فری ٹیوب میں اسپانسر بلاک نامی سہولت بھی شامل ہے، جو ویڈیوز کے اندر موجود اسپانسرز کے تشہیری حصوں کو خودکار طور پر ہٹا سکتی ہے۔ یہ عام یوٹیوب اشتہارات سے مختلف ہوتے ہیں کیونکہ انہیں ویڈیو بنانے والے خود ویڈیو میں شامل کرتے ہیں۔

اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے اس کی سرکاری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے کمپیوٹر میں انسٹال کرنا ہوگا۔

ٹائزن ٹیوب

اسمارٹ ٹی وی پر یوٹیوب کے اشتہارات سے بچنے کے لیے ٹائزن ٹیوب ایک متبادل ایپلی کیشن ہے۔ یہ خاص طور پر سام سنگ کے ان اسمارٹ ٹی وی کے لیے بنائی گئی ہے جو ٹائزن آپریٹنگ سسٹم پر چلتے ہیں۔

اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا انٹرفیس کافی حد تک اصل یوٹیوب ٹی وی ایپ جیسا ہے، تاہم اس میں اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو کی رفتار کم یا زیادہ کرنے، انٹرفیس میں تبدیلی اور اسپانسرز کے تشہیری حصے خودکار طور پر چھوڑنے جیسے فیچرز بھی شامل ہیں۔

ٹائزن ٹیوب کے ذریعے ویڈیو کی رفتار چار گنا تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ڈی ایرو کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے، جو ویڈیوز کے عنوانات اور تھمب نیلز کے متبادل دکھا سکتی ہے۔

سام سنگ ٹی وی پر اسے انسٹال کرنے کے لیے ٹائزن بریو کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا کوبالٹ ورژن بھی موجود ہے، جو بعض اینڈرائیڈ ٹی وی، گوگل ٹی وی اور فائر ٹی وی ڈیوائسز پر کام کرتا ہے۔

اسمارٹ ٹیوب

اینڈرائیڈ ٹی وی اور گوگل ٹی وی استعمال کرنے والوں کے لیے اسمارٹ ٹیوب بھی ایک مفت اور اوپن سورس ایپلی کیشن ہے۔ یہ اسمارٹ ٹی وی اور انٹرنیٹ سے منسلک دیگر موزوں ڈیوائسز پر یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

اس کے ذریعے اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ اسپانسر بلاک، ہائی ریزولوشن ویڈیو اور ویڈیو چلانے کی رفتار تبدیل کرنے جیسے فیچرز بھی دستیاب ہیں۔

تاہم اسمارٹ ٹیوب کا انٹرفیس اصل یوٹیوب ایپ سے مختلف ہے اور اسے ٹی وی کے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے استعمال کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اسے انسٹال کرنے کے لیے ایپ کی اے پی کے فائل حاصل کرکے موزوں اینڈرائیڈ ٹی وی ڈیوائس میں انسٹال کرنا ہوتی ہے۔

یہ ایپ سام سنگ کے ٹائزن یا ایل جی کے ویب او ایس پر براہ راست کام نہیں کرتی۔ اس لیے ان ٹی وی کے صارفین کو دوسرے متبادل استعمال کرنا ہوں گے۔ اس کے ڈویلپرز بھی صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایپ صرف سرکاری ویب سائٹ یا گٹ ہب سے ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ غیر محفوظ یا تبدیل شدہ فائلوں سے بچا جا سکے۔

کون سا طریقہ کس ڈیوائس کے لیے بہتر ہے؟

مختلف ڈیوائسز کے لیے ان طریقوں کی دستیابی بھی مختلف ہے۔ اینڈرائیڈ فونز پر بریو، فائر فاکس کے ساتھ یو بلاک اوریجن اور نیو پائپ استعمال کیے جا سکتے ہیں، جبکہ آئی فون اور آئی پیڈ پر بریو ایک آسان متبادل ہے۔

ونڈوز، میک اور لینکس کمپیوٹرز پر بریو، فائر فاکس اور فری ٹیوب استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ سام سنگ کے ٹائزن اسمارٹ ٹی وی کے لیے ٹائزن ٹیوب جبکہ اینڈرائیڈ ٹی وی اور گوگل ٹی وی کے لیے اسمارٹ ٹیوب اور ٹائزن ٹیوب کا کوبالٹ ورژن دستیاب ہے۔

مجموعی طور پر زیادہ تر موبائل اور کمپیوٹر صارفین کے لیے بریو براؤزر آسان انتخاب ہے، کیونکہ اس میں اشتہارات روکنے کا نظام پہلے سے موجود ہے۔ اینڈرائیڈ صارفین الگ ایپلی کیشن چاہتے ہیں تو نیو پائپ جبکہ کمپیوٹر استعمال کرنے والے فری ٹیوب کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ ان متبادل طریقوں سے یوٹیوب پریمیم کی سبسکرپشن حاصل نہیں ہوتی اور نہ ہی سرکاری یوٹیوب ایپ سے اشتہارات ختم ہوتے ہیں۔ یہ سہولت صرف متعلقہ براؤزرز اور ایپلی کیشنز کے ذریعے ویڈیوز دیکھنے تک محدود ہے۔

یوٹیوب وقتاً فوقتاً اپنے اشتہارات دکھانے کے نظام میں تبدیلی کرتا رہتا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ مستقبل میں ان طریقوں کی افادیت بھی متاثر ہو۔ صارفین کو چاہیے کہ اپنے براؤزرز اور ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ رکھیں اور غیر سرکاری ذرائع سے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کریں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles