
کوئٹہ میں ٹریفک اہلکار کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔
عدالت نے سیشن کورٹ کا بریت کا سابقہ فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔
جسٹس محمد عامر نواز اور جسٹس عبدالقیوم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے عبدالمجید اچکزئی کو مقتول ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کے ورثا کو دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور پولیس کو فوری گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
مقدمے کے مطابق جون 2017 میں کوئٹہ کے جی پی او چوک، زرغون روڈ پر تیز رفتار لینڈ کروزر کی ٹکر سے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ جاں بحق ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے اس وقت کے رکن صوبائی اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔
بعد ازاں ستمبر 2020 میں کوئٹہ کی ماڈل کورٹ نے عدم ثبوت کی بنیاد پر انہیں بری کردیا تھا۔ اس فیصلے پر عوامی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا تھا۔ تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے اپیل پر سماعت کے بعد بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 10 سال قید، دیت کی ادائیگی اور فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔