صدر ٹرمپ نے نیتالی بیکر کو پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد میں امریکا کی قائم مقام ناظم الامور (چارج ڈی افیئرز) نیتالی بیکر کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیتالی بیکر کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے، جہاں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی اس کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی کی منظوری کے بعد نیتالی بیکر کی بطور سفیر نامزدگی سینیٹ کے مکمل ایوان میں ووٹنگ کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں سے سے توثیق ملنے کی صورت میں نیتالی بیکر باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کا عہدہ سنبھال سکیں گی۔

امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق نیتالی بیکر اگست 2024 میں اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف مشن (نائب سربراہِ سفارت خانہ) کی حیثیت سے تعینات ہوئی تھیں۔

پاکستان آنے سے قبل وہ اگست 2021 سے جولائی 2024 تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

نیتالی بیکر لیبیا میں امریکی مشن کی ڈپٹی چیف آف مشن اور قائم مقام ناظم الامور بھی رہ چکی ہیں۔ وہ دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ’ایران ریجنل پریزنس آفس‘ کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی امور کی مشیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

نیتالی بیکر امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں دفتر برائے شمالی افریقہ کی ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق نیتالی بیکر نے 2009 سے 2011 تک لیبیا میں سیاسی اور اقتصادی امور کی مشیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ یہ وہ وقت تھا جب لیبیا اور امریکا کے درمیان تقریباً 30 سال کے تعطل کے بعد دوطرفہ تعلقات معمول پر لانے کا عمل جاری تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق بیکر فروری 2011 میں لیبیا میں ہی موجود تھیں، جب وہاں انقلاب کے باعث امریکی سفارت خانے کو اپنا عملہ وہاں سے نکالنا پڑا اور سفارت خانہ خالی کرنا پڑا۔

نیتالی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی قائم مقام ناظم الامور کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ انہوں نے اس وقت کے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمین بلوم کے عہدہ چھوڑنے کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles