اسکاٹ لینڈ کا افغانستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا اعلان

اسکاٹ لینڈ نے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین پر عائد پابندیوں اور انسانی حقوق کی صورتِ حال پر احتجاجاً افغانستان کے ساتھ آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ کوئی کرکٹ میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے بورڈ نے پیر کو نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ویمنز کرکٹ کی صورتِ حال اور انسانی حقوق کی صورت حال معاملات میں تبدیلی تک افغانستان کے خلاف کسی دو طرفہ یا سہ فریقی سیریز میں حصہ نہیں لے گا۔

بورڈ کے مطابق اسکاٹش ٹیم صرف ان مقابلوں میں افغانستان کے خلاف کھیلے گی جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایسا کرنا لازمی ہوگا، ان مقابلوں میں وارم اَپ میچز بھی شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ان مقابلوں میں اسکاٹش کھلاڑیوں کی شرکت کو موجودہ افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت تصور نہ کیا جائے۔

اسکاٹ لینڈ نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف آخری مرتبہ انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ دونوں ٹیمیں 2024 اور 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اَپ میچز میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں۔

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے جولائی میں اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے عملی انتظامی پابندیوں اور افغانستان کے ساتھ اپنے روابط سے متعلق مؤقف کا جائزہ لینے کی ضرورت کے باعث یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔

ستمبر میں افغانستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ اسکاٹ لینڈ سے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے حوالے سے بھی رابطہ کیا تھا۔ جس پر کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے لیگ کو آئی سی سی کی منظوری ملنے کی صورت میں اپنے کھلاڑیوں کے لیے این او سی جاری کرنے پر غور کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں منتخب ہونے والے واحد اسکاٹش کھلاڑی اوپننگ بلے باز جارج منسی تھے، جو مختلف فرنچائز لیگز میں بھی باقاعدگی سے کھیلتے ہیں۔ کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے تصدیق کی ہے کہ اگر اے پی ایل کو آئی سی سی کی منظوری مل جاتی ہے تو جارج منسی کو این او سی جاری کیا جائے گا۔

تاہم بورڈ نے یہ واضح کیا کہ کسی بھی اسکاٹش کھلاڑی کی لیگ میں شرکت کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مؤقف سے مطابقت رکھتا ہے جو افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ کے حوالے سے پہلے ہی پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles