
جعلی ادویات کی فروخت اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی صارفین کے لیے پریشانی کا باعث ہے لیکن اب اس مسئلے کی روک تھام کے لیے حکومت نے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب شہری دوا خریدنے سے پہلے اس کی حقیقت اور قیمت کی تصدیق کر سکیں گے۔ صارفین اب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی ’محفوظ دوا‘ ایپ صارفین کو دوا ضریدنے سے پہلے اس کی پیکنگ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے اس کی رجسٹریشن اور سرکاری قیمت معلوم کر سکتے ہیں۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ ’محفوظ دوا‘ ایپ استعمال کریں اور دوا کی پیکنگ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے اس کی رجسٹریشن اور قیمت کی تصدیق کریں۔
یہ ایپ ٹو ڈی بارکوڈ ٹیکنالوجی پر کام کرتی ہے۔ صارفین اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے دوا کے پیکٹ پر چھپا بارکوڈ اسکین کریں تو انہیں متعلقہ دوا کی رجسٹرڈ معلومات اور قیمت دکھائی دیتی ہے۔ اس طرح خریدار معلوم کر سکتے ہیں کہ انہیں فروخت کی جانے والی دوا ڈریپ کے ریکارڈ میں موجود ہے یا نہیں اور اس کی قیمت مقررہ نرخ کے مطابق ہے یا نہیں۔
وزارتِ قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات ڈریپ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
ملک بھر میں ادویات کی ترسیل اور تقسیم کی نگرانی کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی 9 اکتوبر 2026 سے فعال ہو چکا ہے۔ یہ نظام صرف صارفین کو معلومات فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ متعلقہ حکام کو ادویات کی تیاری سے لے کر سپلائی تک ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں بھی مدد دے گا۔
اس نظام کے ذریعے کسی دوا کے معیار یا حفاظت سے متعلق شکایت سامنے آنے پر متعلقہ حکام کے لیے مخصوص بیچ کی ادویات کی شناخت اور انہیں مارکیٹ سے واپس منگوانا آسان ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں ادویات کی پیکنگ پر بارکوڈ لگانے کا منصوبہ پہلی مرتبہ 2015 میں پیش کیا گیا تھا، جبکہ وفاقی کابینہ نے 2017 میں اس کی منظوری دی تھی۔ تاہم انتظامی رکاوٹوں کے باعث اس منصوبے پر کئی سال تک مکمل عمل درآمد نہ ہو سکا۔
بعد ازاں وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ ڈریپ نے جعلی، زائدالمیعاد اور غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والی ادویات کی روک تھام کے لیے یکم اکتوبر 2026 کو بارکوڈ نظام کے نفاذ کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔
یہ ڈیجیٹل نظام ایسے وقت میں متعارف کرایا گیا ہے جب ڈریپ جعلی، غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے حوالے سے مسلسل ہدایات جاری کر رہا ہے۔
ادارے نے 5 نومبر کو جاری کردہ ایک الرٹ میں صارفین کو ہدایت کی تھی کہ وہ ادویات اور علاج سے متعلق دیگر مصنوعات صرف مجاز اور لائسنس یافتہ دکانوں سے خریدیں اور ان کی اصلیت اور معیار کا بھی جائزہ لیں۔
وزارتِ قومی صحت کے مطابق حکومت کی طرف سے ملک بھر میں شہریوں کو محفوظ، مؤثر اور معیاری ادویات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔