نیتن یاہو ایران پر دوبارہ حملوں کے لیے ٹرمپ کو مسلسل فون کر رہے ہیں: فنانشل ٹائمز کا دعویٰ

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران پر دوبارہ فوجی حملے کرنے کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روزانہ ٹیلی فون پر رابطہ کر رہے ہیں۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بات چیت سے آگاہ ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی کوششوں پر وائٹ ہاؤس کے اندر اور باہر موجود جنگ مخالف حلقے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کوششوں کو روکنے کے لیے سرگرم ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے کے مختلف رہنما بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں اور فوجی کارروائی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دیں۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملوں کی کوششوں نے عرب اور مسلم رہنماؤں میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے، جو خطے میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی صورتِ حال سے واقف ایک اور ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی چاہتے ہیں، تاہم اس وقت امریکی صدر ٹرمپ کو اس حوالے سے قائل کرنے کے لیے کوئی باقاعدہ مہم نہیں چلائی جا رہی۔

اُدھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیر کے روز کہا کہ خلیجی ممالک ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک موجودہ صورتِ حال برقرار رکھنے کو ترجیح دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیل میں گزشتہ ماہ ہونے والے غیر فیصلہ کن انتخابات کے بعد نیتن یاہو نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ وہ ایران کی حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دوبارہ مشترکہ فضائی حملوں کے حامی ہیں۔

تاہم ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تقریباً نو ماہ سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے مثبت پیش رفت کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ایران پر امریکا کے نئے حملوں کا امکان اب کافی کم دکھائی دیتا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق، قطر کے وزیراعظم سے ٹرمپ کی ملاقات میں شریک ایک سفارت کار نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ ایران کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا ترجیحی راستہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی گزشتہ چند روز کے دوران ٹرمپ سے رابطے کیے ہیں۔

ان رہنماؤں نے امریکی صدر پر زور دیا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کو مزید وقت دیا جائے اور فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے سے گریز کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق علاقائی رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ حملے شروع ہوئے تو تہران کی جانب سے وسیع پیمانے پر جوابی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس سے مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں اور خطے میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔

ایران بھی خبردار کر چکا ہے کہ اس پر دوبارہ حملے کیے گئے تو وہ جواب دینے کے لیے تیار ہے اور تنازع کو مشرق وسطیٰ سے باہر تک پھیلایا جا سکتا ہے۔

ادھر ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور عبوری معاہدے کے لیے ثالثوں کی کوششیں کئی ہفتوں سے جاری ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور نہیں ہو سکے۔

رپورٹ کے مطابق، مذاکرات میں ستمبر میں ایران کی جانب سے پیش کیے گئے سات روزہ منصوبے کی بنیاد پر ایک عبوری معاہدے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس منصوبے کو پہلے مسترد کر چکے ہیں۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے پیر کے روز ایک باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قطری وزیراعظم کی ٹرمپ اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے الگ الگ ملاقاتوں میں ایران کے معاملے پر اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک سفارتی ذرائع نے بتایا ان ملاقاتوں کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنا اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے راستہ نکالنا تھا۔

دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نیوز نے ایک نامعلوم ایرانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے بدلے ایران کے منجمد 8 ارب ڈالر کے اثاثے جاری کرنے سے متعلق مذاکرات کی خبریں درست نہیں ہیں۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق، تہران صرف ان سات شرائط کی بنیاد پر مذاکرات کرے گا جو اس نے واشنگٹن کو پیش کی ہیں۔ ان شرائط میں بحری ناکہ بندی اور یکطرفہ پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی اور جنگ کا مکمل خاتمہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے شروع کیے تھے۔ بعد ازاں جولائی میں لڑائی ختم کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی، تاہم سفارتی کوششوں میں تعطل کے بعد دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی تھی۔ اب ایک مرتبہ پھر خطے کے ممالک سفارتی کوششوں کے ذری تنازع ختم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles