
ابوظبی میں روس اور یوکرین کے درمیان امریکی ثالثی میں دو روزہ امن مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امید ہے کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک وسیع معاہدہ طے پا سکتا ہے، تاہم ڈونباس کے علاقے اور یورپ کی سلامتی سے متعلق اختلافات اب بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔
مذاکرات میں فرانس، جرمنی اور یورپی کمیشن کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، تاہم روس نے یورپی ممالک کی براہِ راست شرکت کی مخالفت کی ہے۔ یوکرینی وفد الگ ملاقاتوں میں اپنے یورپی اتحادیوں کو مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔
روسی وفد کی قیادت کریملن کے معاون ولادیمیر میڈنسکی کریں گے، جبکہ یوکرینی وفد کے سربراہ رستم عمروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک سفارتی عمل میں یورپ کی شمولیت یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے۔
ڈونباس کا تنازع امن معاہدے میں رکاوٹ
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا مطالبہ ہے کہ امن معاہدے سے پہلے یوکرین مشرقی علاقے ڈونباس سے دستبردار ہو، تاہم یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔
مذاکرات سے قبل زیلنسکی نے کہا کہ میدان جنگ میں حالیہ کامیابیوں، خصوصاً دونیتسک میں بعض علاقوں کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے سے یوکرین کی مذاکراتی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، تاہم ماسکو اس دعوے کو مسترد کرتا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق واشنگٹن کو امید ہے کہ دونوں ممالک علاقائی تنازع پر کچھ نہ کچھ سمجھوتہ کرسکتے ہیں۔ مجوزہ معاہدے میں یوکرین کو جنگ کا خاتمہ، سیکیورٹی ضمانتیں اور یورپی یونین میں شمولیت کا لائحہ عمل دینے کی تجویز شامل ہے۔ تاہم یوکرین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے علاقائی معاملات پر کسی رعایت کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ مجوزہ سیکیورٹی معاہدہ صرف یوکرین تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں پورا یورپ شامل ہوسکتا ہے۔ ان کے اس بیان پر بعض یورپی رہنماؤں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کی سلامتی سے متعلق فیصلوں میں متعلقہ حکومتوں کی براہِ راست شرکت ضروری ہے۔
دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے کے لیے گزشتہ ماہ اعلان کردہ جنگ بندی بھی ناکام ہوگئی۔ یوکرین نے روس کی تیل صاف کرنے والی فیکٹریوں پر حملے تیز کردیے ہیں، جبکہ روسی افواج یوکرین کے بجلی کے نظام اور شہروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد یورپ کے سیکیورٹی نظام سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ادھر یورپی ممالک اب یوکرین کے بجٹ اور فوجی ضروریات کے لیے سب سے بڑے بیرونی مالی معاون بن چکے ہیں، کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی براہِ راست امداد میں کمی کردی ہے۔
جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ بھی پیرس میں اپنے اجلاس کے دوران یوکرین کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔