
کراچی کی مقامی عدالت نے لیاقت آباد میں کم عمر بچی سے جنسی استحصال کے مقدمے میں ملزم یاسر کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی کے جج مرزا توصیف احمد نے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل کے دوران متاثرہ بچی کی جانب سے ملزم کو معاف کیے جانے کے باوجود اسے بری نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ جنسی استحصال ناقابلِ راضی جرم ہے اور ایسے مقدمات میں متاثرہ فریق کی معافی ملزم کی بریت کی بنیاد نہیں بن سکتی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق تفتیشی افسر نے متاثرہ بچی کا طبی معائنہ نہیں کرایا اور نہ ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، جو تفتیش میں خامیاں ہیں۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ تفتیشی نقائص کی بنیاد پر ملزم کو بری نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ متاثرہ بچی کی قابلِ اعتماد گواہی جرم ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔
پراسیکیوٹر حنا ناز کے مطابق ملزم یاسر کے خلاف جنسی ہراسانی اور استحصال کا مقدمہ 2023 میں کراچی کے تھانہ لیاقت آباد میں درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے مقدمے کے تمام شواہد، گواہیوں اور فریقین کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔