کرس پاپاس امریکا کے پہلے ہم جنس پرست سینیٹر بن گئے

امریکی ریاست نیو ہیمپشائر سے ڈیموکریٹ امیدوار کرس پاپاس نے مڈٹرم انتخابات میں سابق ری پبلکن سینیٹر جان ای سنونو کو شکست دے کر سینیٹ کی نشست جیت لی ہے۔ وہ امریکا کی تاریخ میں اعلانیہ طور پر ہم جنس پرستی کا اظہار کرنے والے پہلے سینیٹر بن گئے ہیں۔

امریکی انتخابات کی نگرانی کرنے والے امریکی میڈیا ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مستند اور غیر حتمی اعداد و شمار کے مطابق کرس پاپاس نے 56 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف جان سنونو کو 42 فیصد ووٹ ملے۔

کرس پاپاس کا تعلق نیو ہیمپشائر کے شہر مانچسٹر سے ہے، جہاں ان کے خاندان کا مشہور ریسٹورنٹ ’دی پیوریٹن بیک روم‘ بھی موجود ہے۔ سیاست میں آنے سے قبل ان کی پہچان اسی ریسٹورنٹ سے تھی اور ان کے دادا کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے ’چکن ٹینڈر‘ کی ریسیپی وہیں ایجاد کی تھی۔

وہ محض 22 سال کی عمر میں نیو ہیمپشائر کے ریاستی نمائندے کے طور پر پہلہی مرتبہ الیکشن جیتے تھے۔ 2018 میں جب صدر ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹس کی لہر چلی، تو وہ ایوانِ نمائندگان کا حصہ بن گئے تھے۔

کرس پاپاس ایوانِ نمائندگان کے مسلسل چار ادوار تک رکن رہے ہیں اور کانگریس کے ’ایکویلٹی کاکس‘ کے چیئرمین بھی ہیں، جو مساوات اور ہم جنس پرست برادری کے حقوق سے متعلق امور پر کام کرتا ہے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق کرس پاپاس کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی بعض ریاستوں میں ہم جنس پرستی کے حامی افراد کے حقوق پر بحث اور تنازعات جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرس پاپاس کے پارٹنر وین بینٹلی پیشے کے لحاظ سے وکیل اور ٹیکنالوجی پالیسی کے ماہر ہیں۔ دونوں کی ملاقات 2019 میں ہوئی تھی، دسمبر 2021 میں دونوں کی منگنی ہوئی اور فروری 2023 میں نیو ہیمپشائر کے ایک ریزورٹ میں ہی دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

کرس پاپاس کو انتخابی مہم کے دوران سیاسی مخالفین کی جانب سے اس رشتے اور ان کے پارٹنر وین بینٹلی کے پیشہ ورانہ پس منظر کے حوالے سے کڑی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ تاہم الیکشن میں کامیابی کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب میں کرس پاپاس اور ان کے پارٹنر ایک ساتھ نظر آئے۔

حالیہ کامیابی کے بعد کرس پاپاس اب ڈیموکریٹ سینیٹر جین شاہین کی خالی ہونے والی سینیٹ سنبھالیں گے، جنہوں نے تین ادوار مکمل کرنے کے بعد دوبارہ انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles