
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ 27 روز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا، جسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی اور منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور تعمیراتی کام سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
منصوبے کے تحت انڈرپاس کی تعمیر کے ساتھ تقریباً 4 کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک بھی مکمل کیا گیا ہے، انڈر پاس کی تعمیر سے مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور آزاد کشمیر کے درمیان آمدورفت میں بہتری آئے گی۔
کشمیر چوک انڈرپاس کا منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جب کہ منصوبے کے تحت 6 ہزار 340 نئے درخت بھی لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ منصوبے کے اطراف کشمیر کی مناسبت سے دو خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
کشمیر چوک انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کی خدمت، پاکستان کی ترقی اور اسے اقوام عالم میں اعلیٰ مقام دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شبانہ روز محنت، مستعدی اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی کی منزل کا حصول ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ 27 روز میں مکمل کرنا غیر معمولی کارنامہ ہے، منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ، یہ منصوبہ آئندہ سال ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کے لیے تیاریوں کا عملی ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یاد نہیں کہ اس قدر برق رفتاری سے پہلے کوئی منصوبہ مکمل کیا گیا ہو۔
وزیراعظم نے اس غیر معمولی کارکردگی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین سی ڈی اے، کنٹریکٹر اور تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دی جنہوں نے شبانہ روز محنت کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔
وزیراعظم نے منصوبے کی شفافیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور شفاف پروکیورمنٹ نظام اور ای پیڈز کے ذریعے ٹھیکہ تخمینہ لاگت سے تقریباً اڑھائی فیصد کم پر دیا گیا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں محنت، شفافیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔