انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے نام طلب


انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں سے ارکان کے نام طلب کرنے کا عمل آگے بڑھ گیا ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے مجموعی طور پر 6 ارکان نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے چیف وہپس کو خطوط ارسال کردیے ہیں، جن میں دونوں جماعتوں سے ارکان نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے پیپلز پارٹی کے چیف وہپ کو لکھے گئے خط میں کمیٹی کے لیے 5 ارکان کے نام طلب کیے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ جماعت اپنے نامزد ارکان کی تفصیلات جلد بھجوائے۔
وفاقی وزیر نے ایم کیو ایم کے چیف وہپ کو بھی خط ارسال کیا ہے، جس میں کمیٹی کے لیے ایک رکن نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی نامزدگی کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کو خطوط ارسال کیے تھے۔

مجوزہ کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 20 اور سینیٹ سے 10 ارکان شامل کیے جانے ہیں، جب کہ سیاسی جماعتوں کی نمائندگی دونوں ایوانوں میں ان کی عددی قوت کے تناسب سے ہوگی۔
اس سے قبل قومی اسمبلی نے قواعد و ضوابط کے رول 244 (بی) کے تحت انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران انتخابی اصلاحات کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔
پیپلز پارٹی نے مجوزہ کمیٹی میں اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت کے لیے بھی رابطے کیے تھے اور تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو اس عمل میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے قواعد و ضوابط کے رول 244 (بی) کے تحت انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کی تھی۔ اب کمیٹی میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کے لیے نام طلب کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles