
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کے نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے، عالمی سطح پر توانائی قیمتوں میں اضافہ ہوا، عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، ریلیف کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستانی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں جب کہ خطے کی صورت حال کے پیش نظر نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا اجرا کیا جب کہ کروڑوں افراد فیول سبسڈی اسکیم سے مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے جب کہ حکومت کے نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں عوام پر 15 روپے فی لیٹر کا بوجھ نہیں ڈال سکتے تھے، عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف انداز میں آگے بڑھیں گے اور آئل ریفائنریز کے منافع کے ساتھ عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے فیول کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے سب سے بڑے حامی ہیں اور چاہتے ہیں کہ مشکل صورت حال سے نکل کر ڈی ریگولیشن کی طرف جائیں، آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ آئل ریفائنریز نے 3 ماہ میں جتنا منافع کمایا، اتنا گزشتہ کئی برسوں میں نہیں کمایا تھا جب کہ ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال کے منافع سے بھی زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں بدترین جنگ جاری ہے تاہم حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اجتماعی سوچ کے تحت سب نے مل کر عوامی فلاح کے لیے آگے بڑھنا ہے اور عوامی مفادات کا تحفظ کرنا ہے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی 600 روپے قیمت ناجائز ہے، اس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس جہاز پر حملہ ہوا، وہ ایل پی جی کا نہیں بلکہ ایل این جی کا جہاز تھا، ایل این جی کی فراہمی کے لیے متبادل راستوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مہنگی ایل این جی فروخت کرنے والوں کے خلاف اوگرا اور صوبائی حکومتیں کارروائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے: عطا تارڑ
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے، دنیا بھر کی طرح خطے کی صورت حال سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس میں موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ افراد فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جب کہ اسکیم کے تحت 27 ارب روپے کا ریلیف دیا جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کے لیے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے جب کہ حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکا گیا۔