
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوں گے جب کہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے جب کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل ہونے والی نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستانی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوئے جب کہ خطے کی صورت حال کے پیش نظر نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا اجرا کیا جب کہ کروڑوں افراد فیول سبسڈی اسکیم سے مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ نے مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔ آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے جب کہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی، وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ڈی ریگولیشن کے حامی ہیں تاہم آئل ریفائنریز کے منافع کے ساتھ عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف انداز میں آگے بڑھیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے، دنیا بھر کی طرح خطے کی صورت حال سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس میں موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ افراد فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جب کہ اسکیم کے تحت 27 ارب روپے کا ریلیف دیا جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کے لیے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے جب کہ حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکا گیا۔