اسرائیلی انتخابات پر پولی مارکیٹ میں مشکوک سٹّے: جیتنے والے نئے اکاؤنٹس کے خلاف تحقیقات

عالمی حالات پر سٹے لگانے والی پریڈکشن مارکیٹ آپریٹر ویب سائٹ ’پولی مارکیٹ‘ نے رواں ہفتے اسرائیل میں ہونے والے عام انتخابات پر لگنے والے غیر معمولی سٹے اور جیتنے والے اکاؤنٹس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’بلومبرگ نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز پولنگ کے اوقات ختم ہونے سے کچھ ہی دیر قبل اچانک سیکڑوں نئے بنائے گئے اکاؤنٹس کے ذریعے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے عہدے پر برقرار رہنے اور ان کی جماعت لیکود پارٹی کے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے پر شرطیں لگائی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی جائزہ رپورٹس کے برعکس جب ایگزٹ پولز کے نتائج نے نیتن یاہو کی پارٹی کی کامیابی کے زیادہ امکانات ظاہر کیے تو ان اکاؤنٹس کو حد سے زیادہ منافع ہوا۔

رپورٹس کے مطابق ان میں سے چند اکاؤنٹس پہلے ہی ایک لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم وصول کرچکے ہیں، جبکہ کئی ڈیجیٹل والٹس میں اب بھی بھاری رقم کا منافع موجود ہے جسے ابھی نکلوایا جانا باقی ہے۔

پولی مارکیٹ کی داخلی تحقیقاتی ٹیم نے بلومبرگ کو بتایا ہے کہ وہ الیکشن کے موقع پر ٹریڈنگ کرنے والے درجنوں نئے والٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔

اسی اثنا میں ڈیٹا تجزیہ کار فرموں پولیسائٹس اور ببل میپس نے بھی اس فعالیت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اپنی الگ تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

ڈیٹا تجزیہ کار فرم ببل میپس کے ایک نمائندے نے برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ پولی مارکیٹ کے 101 اکاؤنٹس کو الیکشن والے دن، پولنگ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل، پہلی بار فنڈز فراہم کیے گئے تھے اور ایگزٹ پولز کے بعد کچھ اکاؤنٹس نے فوری طور پر اپنا منافع نکال لیا تھا۔

پریڈکشن مارکیٹس یعنی پیش گوئی کے تجارتی پلیٹ فارمز کو انسائیڈر ٹریڈنگ کے ممکنہ خدشات کے باعث جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔

حالیہ عرصے میں لگنے والے سٹے کے حجم میں ریکارڈ اضافے کے بعد پولی مارکیٹ اور کالشی جیسے پلیٹ فارمز پر مشکوک سرگرمیوں کی اطلاعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رائٹرز نے اس سے قبل مئی میں بھی اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ اس سال پولی مارکیٹ پر مشکوک قرار دیے جانے والے سٹوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

تاہم رپورٹس کے مطابق موجودہ حقائق تاحال حتمی نہیں ہیں، کیونکہ ممکنہ انسائیڈر ٹریڈنگ اور کسی تریڈر کی اپنی ذاتی تحقیق یا محض خوش قسمتی سے لگائی گئی شرط کے درمیان فرق قائم کرنا قانونی طور پر مشکل ہوتا ہے۔

پولی مارکیٹ اور پولیسائٹس کے نمائندوں کی جانب سے ان انکشافات پر فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles