لاہور: اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار


مزنگ میں اسکوٹی سوار لڑکی کو روک کر تشدد کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزم غلام مصطفیٰ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں ملزم کو لڑکی پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ون فائیو پر اطلاع ملنے کے بعد مزنگ پولیس موقع پر پہنچی اور لڑکی کے والد کی مدعیت میں ابتدائی طور پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے اسکوٹی پر جانے والی لڑکی کو اوورٹیک کرکے روکا، پھر موٹرسائیکل سے اتر کر اسے پکڑا اور زمین پر پٹخ دیا۔
ملزم نے لڑکی کے بال کھینچے، گالم گلوچ کی اور اسے ہراساں کیا، تاہم موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو بچایا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر دے مارا، جس سے تقریباً 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔ تشدد کے نتیجے میں لڑکی کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور چہرے پر بھی زخم آئے۔
واقعے کے بعد ملزم موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا، جسے موقع پر موجود افراد نے پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی نگرانی میں خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles