سہ ملکی سیریز: انگلینڈ کے 430 رنز کے جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے، سری لنکن ٹیم نے 36 اوورز میں 3 وکٹوں کے 264 نقصان پر رنز بنالیے ہیں اور جیت کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔

جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ٹام بینٹن نے 51 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر دونیتھ ویلالاگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد بین ڈکٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 85 کے اسکور پر وہ بھی محض 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کپتان ہیری بروک نے جو روٹ کے ساتھ مل کر سری لنکن بولرز پر لاٹھی چارج کیا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 244 کے اسکور پر جو روٹ اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر آٹ ہوگئے۔

جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے، اس دوران وہ ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بھی بن گئے۔

جو روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک نے ول جیکس کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رنز کی رفتار بڑھائی، اس دوران انگلش کپتان نے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی انہوں نے 114 گیندوں پر کارنامہ انجام دیا، بروک انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

ول جیکس نے بھی اختتامی اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ نے آخری اوورز میں رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی، آخری 10 اوورز میں ٹیم نے 156 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت انگلینڈ نے پاکستانی سرزمین پر ون ڈے تاریخ کا سب سے بڑا اننگز ٹوٹل بھی بنایا، انگلش ٹیم کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز تک پہنچ گیا تاہم اب سری لنکا کو میچ میں کامیابی کے لیے 50 اوورز میں 430 رنز بنانا ہوں گے۔

سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگےنے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے 10 اوورز میں 91 رنز دیے جب کہ دلشان مدوشنکا نے 89 رنز دیے تاہم دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

میچ کا ٹاس

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکامی کے باوجود اوس کے باعث پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں ہوئی ہیں، سونی بیکر اور عادل رشید کی جگہ لیام ڈوسن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا حامل ہے، میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے، اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles