امریکا ایران کی شرائط مان لے تو چھٹے روز آبنائے ہرمز کھول دیں گے: عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران کی شرائط پر عمل درآمد کرے تو چھٹے روز آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، جبکہ ساتویں روز مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران اپنے حقوق کے تحفظ کی شرط پر دفاعی تیاریوں کے ساتھ سفارت کاری کے راستے پر بھی آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بار جب امریکا نے ایران کو ختم کرنے کی کوشش کی تو ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکی صدر دوبارہ قسمت آزمانا چاہتے ہیں تو ضرور آزمائیں، تاہم انہیں محتاط رہنا چاہیے کیونکہ ایران کے بھی کچھ کام ابھی ادھورے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ جیل جانے سے بچنے کے لیے امریکا کو ایک اور جنگ میں دھکیل رہے ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ سفارتی کوششوں کے لیے بھی تیار ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ایرانی حقوق کا احترام کیا جائے اور امریکا اپنی شرائط و وعدوں پر عمل درآمد کرے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات شروع کرنے کے حوالے سے بھی واضح مؤقف پیش کیا اور کہا کہ امریکی شرائط پر عمل درآمد کی صورت میں چھٹے دن آبنائے ہرمز کھولنے اور ساتویں دن مذاکرات شروع کرنے کا راستہ نکل سکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles