
پشاور کے علاقے حسن خیل میں پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جوابی کارروائی میں ایک پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔
پشاور کے علاقے حسن خیل میں سپین میلہ پولیس پوسٹ پر گزشتہ رات دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
سی سی پی او پشاور کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔
واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے، جبکہ متعدد حملہ آوروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کی تصدیق کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 30 سے زائد دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے پولیس پوسٹ کو دو اطراف سے نشانہ بنایا، تاہم اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق حملے کے دوران دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔