
پاکستان میں سونے کی قیمت میں گزشتہ روز اضافے کے بعد آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 3000 روپے اور 10 گرام سونا 2572 روپے سستا ہوگیا ہے۔
بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی آج سونے اور چاندی کے نرخ کم ہوگئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3000 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 836 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2572 روپے کی کمی کے ساتھ 3 لاکھ 75 ہزار 373 روپے ہو گئی جب کہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 628 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 43 ہزار 712 روپے ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 172 روپے کمی کے بعد 6360 روپے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 148 روپے کمی کے بعد 5452 روپے مقرر کی گئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج بدھ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 30 ڈالر کی کمی سے 4153 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 13 اکتوبر کو مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 836 روپے پر آ گئی تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 71 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 77 ہزار 945 روپے ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 12 اکتوبر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 2,100 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 1,800 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 39 ہزار 936 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 77 ہزار 174 روپے ہوگئی تھی۔
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔