پی ٹی آئی لانگ مارچ کا ساتواں روز: مارچ آج مردان کے لیے روانہ ہوگا

پاکستان تحریک انصاف کا حکومت مخالف لانگ مارچ ساتویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں مارچ کا قافلہ آج چارسدہ سے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا مردان پہنچے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ گزشتہ رات پشاور سے گزرنے کے بعد چارسدہ پہنچا، جہاں شرکا نے رزڑ گراؤنڈ میں قیام کیا۔ ساتویں روز مارچ کا آغاز اسی مقام سے ہوا۔ قافلہ تنگی، چارسدہ اور سرڈھیری سمیت مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا مردان کی حدود میں داخل ہوگا۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق شرکا آج رات مردان میں قیام کریں گے، جس کے بعد 11 اکتوبر کو صوابی کے لیے روانہ ہوں گے۔ اب تک مارچ کے شرکا لکی مروت، کرک، کوہاٹ، پشاور، خیبر اور چارسدہ میں قیام کرچکے ہیں۔ سفری دورانیے اور انتظامی وجوہات کی بنا پر مارچ کے شیڈول میں دو مرتبہ تبدیلی بھی کی گئی ہے۔

بخشی پل کے مقام پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے شہریوں اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل مسافت کے باوجود عوام کے جوش و جذبے اور شرکت میں کمی نہیں آئی، جس سے کارکنوں کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وہ چارسدہ میں مارچ کے اگلے لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے، جبکہ صوابی پہنچ کر آخری اور حتمی منصوبہ سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ مراحل کے لیے تیار رہیں اور نظم و ضبط برقرار رکھیں۔

لانگ مارچ کے منتظمین کے مطابق احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت، ان کے مناسب طبی علاج کی فراہمی اور اعلیٰ عدالتوں میں ان کے خلاف مقدمات کی سماعت شروع کرانا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، جبکہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles