امن کا نوبیل انعام 2026، جنوبی افریقی جج ناوی پلّے کے نام

جنوبی افریقہ کی معروف جج ناوانتھیم ناوی پلّے کو بین الاقوامی قانون اور امن کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے پر 2026 کے نوبیل امن انعام سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق ان کی زندگی انسانی حقوق کے دفاع اور بین الاقوامی سطح پر انصاف کے قیام کی کوششوں سے عبارت ہے۔

ناروے کی نوبیل کمیٹی نے جمعے، 9 اکتوبر کو ناوی پلے کو امن کے نوبیل انعام کا فاتح قرار دیا۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ پلے کی ابتدائی زندگی سے لے کر بین الاقوامی عدالتوں میں ان کی خدمات تک ایک نمایاں پہلو مشترک رہا ہے، اور وہ ایسے افراد کے حقوق کا دفاع کرتی رہی ہیں جنہوں نے نسلی امتیاز کے خلاف آواز اٹھائی۔

ناوی پلے نے اپنے ابتدائی قانونی کیریئر میں نیلسن منڈیلا اور نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کرنے والے دیگر افراد کا دفاع کیا۔ بعد ازاں انہوں نے بین الاقوامی عدالتوں میں جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اپنے وقت کے اہم بین الاقوامی مقدمات میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں جنگ بندی کرانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ٹرمپ کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے امریکی صدر کی کوششوں کو بھی تسلیم کیا جائے گا۔

ناروے کی نوبیل کمیٹی کے مطابق، امن اور بین الاقوامی قانون کے فروغ کے لیے ان کی کوششیں اس اعزاز کی بنیادی وجہ ہیں۔ ان کی خدمات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ انصاف کے قیام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی جدوجہد بین الاقوامی امن میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ناوی پلے نے اقوام متحدہ کے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی بھی کی۔ اس کمیشن نے گزشتہ سال اپنی رپورٹ میں نتیجہ اخذ کیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی ہے، تاہم اسرائیل نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا تھا۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق، ناوی پلے نے اپنے طویل کیریئر کے دوران ریاستوں اور قومی رہنماؤں کو جواب دہ ٹھہرانے میں کردار ادا کیا اور تشدد و تنازعات کے متاثرین کے لیے امید کا ذریعہ بنیں۔ کمیٹی نے ان کے پیشہ ورانہ سفر میں مضبوط اخلاقی اصولوں کی پابندی کو بھی نمایاں کیا۔

2026 کا نوبیل امن انعام اس ہفتے دیا جانے والا پانچواں نوبیل انعام ہے۔ اس سے قبل ادب، کیمیا، طبیعیات اور طب کے شعبوں میں انعام یافتگان کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال، 2025 میں، وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کو نوبیل امن انعام دیا گیا تھا۔

نوبیل امن انعام کی مالیت 12 ملین سویڈش کراؤن، یعنی تقریباً 12 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ یہ انعام 10 دسمبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles