احد رضا میر اور مایا علی کے درمیان کیا چل رہا ہے؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز
مایا علی اور احد رضا میر کو ایک ساتھ دیکھ کر مداحوں کے سوالات بڑھ گئے
پاکستان کے معروف اداکار احد رضا میر اور اداکارہ مایا علی ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
حال ہی میں دونوں اداکار ڈرامہ ’ایک محبت اور‘ میں ایک ساتھ دکھائی دیے تھے جہاں ان کی آن اسکرین کیمسٹری کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا گیا۔
اب احد رضا میر کی سالگرہ کے موقع پر سامنے آنے والی تصاویر نے مداحوں کو ایک بار پھر قیاس آرائیوں کا موقع فراہم کردیا ہے۔
سالگرہ کی تصاویر میں مایا علی کے ساتھ احد رضا میر کی ایک تصویر بھی نظر آئی جو مایا علی ڈرامے کے اختتام پر اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں پہلے بھی شیئر کرچکی ہیں۔
مداحوں کی توجہ اس وقت اس جانب گئی جب انہوں نے نوٹ کیا کہ احد رضا میر کے پس منظر میں دیوار پر لگی تصاویر میں مایا علی کے ساتھ لی گئی مذکورہ تصویر بھی موجود ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ احد رضا میر کی والدہ اور مایا علی ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کرتی ہیں، اس کے بعد بعض صارفین دونوں اداکاروں کے درمیان ممکنہ تعلق کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کررہے ہیں۔
تاہم احد رضا میر یا مایا علی کی جانب سے ان قیاس آرائیوں یا کسی مبینہ تعلق کی تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔