معروف گلوکار کے والد انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف گلوکار عمیر جسوال کے والد طارق مجید جسوال دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔ وہ پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کئی دہائیوں تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔

گلوکار عمیر جسوال نے والد کے انتقال کی افسوسناک خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کی ہے جب کہ ان کے  انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ طارق مجید جسوال نے پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کئی دہائیوں تک خدمات انجام دیں اور ملکی توانائی کے وسائل کی تلاش میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے او جی ڈی سی ایل اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ میں ایکسپلوریشن کی قیادت کی جب کہ او جی ڈی سی ایل میں ان کا دور پاکستان میں مقامی ہائیڈروکاربن کی تلاش کے اہم ادوار میں شامل رہا۔

او جی ڈی سی ایل میں 2006-07 سے 2010-11 کے دوران 149 کنویں کھودے گئے اور تیل، گیس اور کنڈینسیٹ کے 25 ذخائر دریافت ہوئے۔ او جی ڈی سی ایل نے 2006-07 میں 10 دریافتیں کیں جو اس وقت کمپنی کی تاریخ میں ریکارڈ تعداد تھی۔

2009-10  میں او جی ڈی سی ایل کی 6 نئی دریافتوں سے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ بیرل تیل اور 161 ارب مکعب فٹ گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ طارق مجید جسوال نے پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ میں جنرل منیجر ایکسپلوریشن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

پاکستان آئل فیلڈز میں ان کے دور میں جھنڈیال، جویامیر ڈیپ اور کھاؤر نارتھ سمیت اہم دریافتیں ہوئیں جب کہ جھنڈیال-1 کو پنجاب میں پاکستان آئل فیلڈز کی سب سے بڑی تیل و گیس دریافت قرار دیا گیا۔

طارق مجید جسوال پاکستان کی پیچیدہ ہائیڈروکاربن جیولوجی پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تحقیقی کام کے لیے بھی معروف تھے۔ 1997 میں ان کا ناردرن پوٹوہار ڈیفارمڈ زون کی ساخت اور ارتقا پر تحقیقی مقالہ اے اے پی جی بلیٹن میں شائع ہوا۔

ان کی تحقیق میں پوٹوہار، سالٹ رینج، کیرتھر ریجن اور آف شور انڈس بیسن میں تیل و گیس کی تلاش سے متعلق اہم مطالعات شامل تھے۔ طارق مجید جسوال نے پاکستان میں مقامی توانائی کے وسائل کی تلاش کے لیے سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ان کی شناخت صرف دریافت شدہ کنوؤں تک محدود نہیں تھی بلکہ ان کا تحقیقی کام پیٹرولیم اور اسٹرکچرل جیولوجی کے ماہرین کے لیے اہم حوالہ سمجھا جاتا ہے۔ ان کے دور میں شناخت کیے گئے متعدد ایکسپلوریشن امکانات آج بھی او جی ڈی سی ایل اور پاکستان آئل فیلڈز کے جاری پروگرامز میں زیر غور ہیں۔

طارق مجید جسوال نقشہ شدہ امکانات، ترجیحی مقامات اور ایکسپلوریشن اہداف پر مشتمل اہم علمی و فنی ورثہ چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی خدمات پاکستان میں توانائی کے مقامی وسائل کی تلاش اور ملکی ماہرین کی صلاحیت سازی کے حوالے سے دیرپا ورثہ ہیں۔

اللہ تعالیٰ طارق مجید جسوال کی علمی و قومی خدمات کو صدقہ جاریہ بنائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل دے، آمین۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles