نصرت فتح علی خان کی قبر پر قوالی؛ راحت فتح علی خان نے تنقید کا جواب دے دیا
قبر پر قوالی خاندانی روایت ہے، راحت فتح علی خان
معروف پاکستانی قوال و گلوکار راحت فتح علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر قوالی پیش کرنے پر ہونے والی تنقید پر وضاحت پیش کردی۔
ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو محبت کا ایک انداز سمجھتا ہوں جو لوگ قوالی کی روایات اور خاندانی طریقوں سے واقف نہیں وہ اس عمل کو مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ میرا خاندان صدیوں سے قوالی کی روایت سے وابستہ ہے اور میرے خاندان میں قبرستان میں فاتحہ اور قوالی سمیت دیگر رسومات ادا کرنے کی روایت بھی رہی ہے، میں نے بھی اپنے خاندان کی روایت کے مطابق یہ عمل کیا اور مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قوالی کے دوران میں قبر کے اندر کھڑا نہیں تھا بلکہ قبر کے اطراف میں موجود تھا اور پوری محفل کے دوران احترام اور ادب کا خیال رکھا گیا۔
گلوکار نے کہا کہ میرے طرزِ عمل اور باڈی لینگویج سے بھی واضح تھا کہ میں استاد نصرت فتح علی خان کی قبر پر انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ موجود تھا۔
راحت فتح علی خان نے تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بات تکلیف دہ لگی کہ میرے اپنے کسی قریبی عزیز نے بھی اس معاملے پر میرے خلاف بات کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قوالی شروع کرنے سے قبل قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔