نیمل خاور عباسی کا خواتین کے جسم اور وزن پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب
’خواتین کے جسم کو تنقید کا موضوع نہ بنائیں‘، نیمل خاور کا اہم پیغام
شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اور سابق اداکارہ نیمل خاور نے خواتین کے جسم اور وزن سے متعلق غیر ضروری تبصروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی عورت کے جسم کو عوامی گفتگو یا تنقید کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔
حال ہی میں نیمل خاور اپنے شوہر حمزہ علی عباسی کے ہمراہ ناروے کے شہر اوسلو میں ایک شادی کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں جہاں سے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے ان کی ظاہری شخصیت اور وزن کے حوالے سے مختلف تبصرے کیے گئے۔
بعد ازاں سابق اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں خواتین کے جسم پر ہونے والی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ لوگ خواتین کے جسم کے بارے میں تبصرے کرتے ہوئے کسی جھجھک کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزن میں کمی یا اضافہ ایک قدرتی عمل ہے اور وقت کے ساتھ ہر انسان کی ظاہری شخصیت میں تبدیلی آتی رہتی ہے، خاص طور پر ماں بننے کے بعد خواتین کے جسم میں کئی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں جنہیں باہر سے دیکھنے والا مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتا۔
نیمل خاور نے کہا کہ عمر، ہارمونز، ذہنی دباؤ، صحت، طرزِ زندگی اور حمل سمیت مختلف عوامل خواتین کے جسم میں تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں، ان میں سے کوئی بھی وجہ لوگوں کو یہ حق نہیں دیتی کہ وہ کسی خاتون کے جسم یا وزن کو سرِعام تنقید کا نشانہ بنائیں۔
انہوں نے خواتین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے اپنے جسم میں وقت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں پر کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں، اگر کسی خاتون کا جسم پانچ سال، ایک سال یا حتیٰ کہ ایک ماہ پہلے جیسا نہیں رہا تو یہ فطری عمل ہے اور اسے دوسروں کے لیے تفریح یا گفتگو کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔