آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ: سابق وزیراعظم کو شکست، باغ اور حویلی میں پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری


آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے اور اہم مرحلے میں ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 میں ایک بہت بڑا اور غیر متوقع سیاسی الٹ پھیر سامنے آیا ہے، جہاں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق، سردار عتیق کی اس روایتی اور آبائی نشست پر، جہاں سے ان کے والد اور مجاہدِ اول سردار عبدالقیوم خان بارہا کامیاب ہوتے رہے ہیں، عوام دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد عباسی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ساجد عباسی نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے، جبکہ سردار عتیق خان صرف 19 ہزار 542 ووٹ ہی حاصل کر سکے۔
دیگر حلقوں کے نتائج بھی کافی دلچسپ رہے ہیں۔ ایل اے 17 حویلی کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے محسن عزیز کو شکست دی، جو 28 ہزار 975 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح، ایل اے 15 باغ کے 123 پولنگ اسٹیشنز کے موصولہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر 17 ہزار 27 ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 63 ووٹ لے کر ان کے پیچھے ہیں۔
حلقہ ایل اے 16 باغ میں بھی پیپلز پارٹی کی پوزیشن مستحکم نظر آ رہی ہے۔ یہاں کے 116 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی کے سردار قمر زمان 12 ہزار 516 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 11 ہزار 613 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles