کراچی: ایدھی سینٹر ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں رکھے گئے 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے


کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں قائم ایدھی سینٹر پر 4 مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر عملے کو یرغمال بنا لیا اور بینک سے لائی گئی 65 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایدھی حکام کے مطابق یہ رقم 200 سے زائد ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رکھی گئی تھی جب کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
ایدھی کے ترجمان محمد امین کے مطابق جمعے کے روز سہراب گوٹھ ایدھی سینٹر پر 4 مسلح ملزمان نے واردات کی، چاروں ملزمان ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور ان کے ہاتھوں میں اسلحہ موجود تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ واردات کے دوران ملزمان نے ایدھی سینٹر کے عملے کو یرغمال بنایا اور بینک سے لائی گئی 65 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ عملہ کچھ دیر قبل ہی بینک سے رقم لے کر ایدھی سینٹر پہنچا تھا، یہ رقم آج 200 سے زائد ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مختص کی گئی تھی کیوں کہ آج تنخواہیں جاری کی جانی تھیں۔
ایدھی حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دے دی گئی ہے جب کہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو بھی موصول ہوگئی ہے، جس میں چاروں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تمام ملزمان نے اپنے چہرے چھپا رکھے تھے
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈاکووں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles