تھائی لینڈ کے اسکول میں فائرنگ، استاد ہلاک، حملہ آور طالب علم نے خودکشی کر لی

تھائی لینڈ کے صوبے نونتھابوری کے ضلع بنگ کروئی میں ایک اسکول میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے شمال مغرب میں واقع صوبہ نونتھابوری کے ایک معروف ہائی اسکول میں جمعہ کو فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک استاد جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا طالب علم تھا، جس نے حملے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک استاد ہلاک اور چار دیگر افراد زخمی ہوئے، جن میں تین طلبہ شامل ہیں۔

دوسری جانب مقامی نشریاتی ادارے تھائی پی بی ایس نے ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں 10 سے 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر طلبہ شامل ہیں۔

واقعہ ضلع بانگ کروائی میں واقع ڈیبسی رِن نونتھابوری اسکول میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا اور طلبہ و اساتذہ میں بھگدڑ مچ گئی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق رائل تھائی پولیس کے ترجمان ٹرائرونگ پیوپان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فوری طور پر اسکول پہنچی اور صورتحال کو قابو میں لے لیا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حملہ آور طالب علم کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ مختلف خبر رساں اداروں کی ابتدائی اطلاعات میں زخمیوں کی تعداد مختلف بتائی گئی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles