
if (!window._rawHtmlListenerAttached) {
window._rawHtmlListenerAttached = true;
window.addEventListener(‘message’, function(event) {
if (event.data && event.data.type === ‘raw-html-resize’ && event.data.id) {
var iframe = document.getElementById(event.data.id);
if (iframe) {
var height = Math.min(Math.max(event.data.height, 50), 9200);
iframe.style.height = height + ‘px’;
}
}
});
}
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ”وزیراعظم شہباز شریف چھ سے آٹھ اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے“۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت متعدد باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ دونوں برادر ممالک کے رہنما بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، غزہ، مقبوضہ فلسطینی علاقوں، مشرقی یروشلم، اور بحیرہ احمر و باب المندب کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
طاہر اندرابی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی پانچ اگست کو اردن میں القدس سے متعلق منعقدہ وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اردن، ترکیہ، مصر، الجزائر، ایران اور صومالیہ کے ہم منصبوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔
طاہر اندرابی کے مطابق، اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا واحد طریقہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، سفارتی سطح پر پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی پر مذاکرات کا نیا دور بھی منعقد ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کی۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن کے قیام، سرحدی سلامتی کی بہتری اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔