
دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر میزبان ٹیم سے اپنا حساب برابر کردیا ہے۔ قومی ٹیم نے 75 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں پوری ٹیم 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔ اس کے علاوہ برینڈن کنگ نے 46، شائی ہوپ نے 29، عامر جنگو 26، تیگ نارائن چندرپال 15 اور کیوم ہوج 10 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ علی عثمان، عبید شاہ اور محمد علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 387 رنز اسکور کیے اور 43 رنز کی اہم برتری حاصل کرلی۔
قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق نے ناقابلِ شکست 160 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جب کہ بابر اعظم 88 اور اذان اویس 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ ساجد خان نے 30، محمد رضوان نے 18 اور امام الحق نے 14 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل واریکن نے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شیمار جوزف نے 2 اور جیڈن سیلز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
43 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیویم ہوج 34 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ٹیگینرائن چندر پال اور کپتان روسٹن چینز نے 17،17 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور علی عثمان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دیگر بولرز نے بھی مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث میزبان ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی۔
پہلی اننگز میں 43 رنز کے خسارے اور دوسری اننگز میں 117 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے صرف 75 رنز کا ہدف دیا۔
دوسری اننگز میں پاکستان نے 75 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں آغاز کیا اور 15 کے اسکور پر قومی ٹیم کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، جب امام الحق صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 42 کے اسکور پر آذان اویس بھی 18 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔
اس کے بعد پہلی اننگز کے سینچری میکر عبداللہ شفیق نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ عبداللہ شفیق اور بابر اعظم 24،24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 75 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کرتے ہوئے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی.