انڈونیشیا میں مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگ گئی، 5 افراد ہلاک، 40 لاپتہ

انڈونیشیا کے جزیرے مدورا کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جب کہ 41 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

انڈونیشیا کی نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب مسافر بردار بحری جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی سولاویسی کے شہر مکاسر جا رہا تھا۔

حکام نے بتایا کہ مسافر بردار بحری جہاز میں مجموعی طور پر 271 مسافر اور عملے کے افراد سوار تھے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 225 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جب کہ 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس طرح 41 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے سمندر میں وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق امدادی ٹیمیں کشتیوں، ریسکیو اہلکاروں اور دیگر وسائل کی مدد سے لاپتہ افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو محفوظ نکالا جا سکے۔

نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں بحری جہاز سے سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا جب کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں لائف جیکٹس پہنے مسافروں کو جہاز کے اوپری حصوں میں امداد کے منتظر دیکھا گیا۔ بعض مسافروں نے آگ اور دھوئیں سے بچنے کے لیے سمندر میں بھی چھلانگ لگا دی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

مدورا جزیرہ انڈونیشیا کے بڑے جزیرے جاوا کے شمال مشرقی ساحل کے قریب واقع ہے، جہاں سمندری سفر نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

انڈونیشیا میں جزائر کی بڑی تعداد کے باعث روزانہ ہزاروں افراد مسافر بردار بحری جہاز استعمال کرتے ہیں، تاہم ماضی میں بھی حفاظتی انتظامات اور کشتیوں کی حالت سے متعلق خدشات کے باعث ایسے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔

حکام نے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ قائم کر لیا ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش مکمل ہونے تک امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles