یو اے ای نے محدود مدت کے لیے بچوں کی ویزا فیس ختم کردی، کب تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے؟

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک سے آنے والے خاندانوں کے لیے سہولت فراہم کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس محدود مدت کے لیے ختم کردی ہے۔

یو اے ای کے اعلان کے مطابق اس سلسلے میں سرکاری ویزا درخواست فیس 15 جولائی سے 15 ستمبر تک معاف کی جاتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خاندانوں کو یو اے ای میں سیاحت کی طرف راغب کرنا اور سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔

یہ سہولت صرف ان بچوں کے لیے ہے جو اپنے والد یا والدہ، یا دونوں والدین کے ساتھ بطور سیاح یو اے ای کا سفر کر رہے ہوں۔ بچوں کی ویزا درخواست والدین کی ٹورسٹ ویزا درخواست کے ساتھ ایک ہی وقت میں جمع کرانا ضروری ہے، جبکہ درخواست مقررہ مدت یعنی 15 جولائی سے 15 ستمبر کے درمیان جمع کرائی جائے۔

ٹریول ایجنٹس کے مطابق یہ رعایت صرف بیرون ملک سے آنے والے سیاح خاندانوں کے لیے ہے۔ اگر کوئی شخص پہلے سے یو اے ای کا رہائشی ہے اور اپنے بچے کے لیے وزٹ ویزا حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔

اگرچہ حکومت بچوں کی ویزا درخواست کی فیس معاف کر دیتی ہے، لیکن والدین کو اب بھی ٹریول انشورنس، ویزا پروسیسنگ اور ٹریول ایجنسی کے سروس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ مختلف ایجنسیوں کے مطابق یہ اضافی اخراجات تقریباً 120 درہم فی بچہ تک ہو سکتے ہیں، جو ایجنسی اور انشورنس پیکیج کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں۔

وائز فاکس ٹورازم کے سینئر منیجر سبائر تھیکے پوراتھوالاپل نے بتایا کہ عام حالات میں ایک ماہ کے بچوں کے ٹورسٹ ویزا کی درخواست پر تقریباً 250 سے 350 درہم تک خرچ آتا ہے، لیکن موسم گرما کی اس رعایت کے دوران یہ سرکاری فیس معاف کر دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق اگر کوئی خاندان دو بچوں کے ساتھ سفر کر رہا ہو تو وہ مجموعی طور پر 500 سے 700 درہم تک کی بچت کر سکتا ہے، تاہم دونوں بچوں کے لیے انشورنس اور سروس چارجز کی مد میں تقریباً 240 درہم تک ادا کرنا پڑ سکتے ہیں۔

یہ رعایت یو اے ای کے 30 روزہ اور 60 روزہ دونوں ٹورسٹ ویزا پر لاگو ہوتی ہے، لیکن والدین اور بچوں کی درخواستیں ایک ساتھ جمع کرانا لازمی ہے۔ اگر خاندان میں کوئی فرد 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کا ہو تو اس پر عام ویزا فیس لاگو ہوگی، جس کی تفصیلات متعلقہ ٹریول ایجنسی سے معلوم کی جا سکتی ہیں۔

ٹریول ایجنٹس کے مطابق 30 اور 60 روزہ ٹورسٹ ویزا میں اس وقت دو مرتبہ توسیع کی جا سکتی ہے۔ ویزا میں توسیع کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی، جو مختلف حالات کے مطابق تقریباً ایک ہزار درہم سے شروع ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی یہ رعایت صرف ابتدائی ویزا درخواست پر لاگو ہوتی ہے اور بعد میں ویزا کی توسیع پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔

ٹریول ایجنٹس نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کی ویزا درخواست الگ جمع کرانے کے بجائے اپنی درخواست کے ساتھ ہی جمع کرائیں اور ادائیگی سے پہلے ایجنسی کو واضح طور پر آگاہ کریں کہ وہ موسم گرما کی ویزا فیس معافی کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles