آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری


آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے 27 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں اور کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 13 میں سے 9 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کرلی جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں سے کامیاب قرار پانے والے امیدواروں میں حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق، حلقہ ایل اے 2 میرپور 2 سے پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید، حلقہ ایل اے 3 میرپور 3 سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان اور حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد شامل ہیں۔

حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1 سے مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور، ایل اے 6 بھمبر 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد رزاق چوہدری، ایل اے 7 بھمبر 3 سے مسلم لیگ (ن) کے طارق فاروق اور ایل اے 8 کوٹلی 1 سے پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک کامیاب ہوئے۔
اسی طرح میرپور ڈویژن کے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم، ایل اے 10 کوٹلی 3 سے پیپلز پارٹی کے محمد یاسین چوہدری کامیاب ہوئے جب کہ ایل اے 11 کوٹلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف، ایل اے 12 کوٹلی 5 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان اور ایل اے 13 کوٹلی 6 سے مسلم لیگ (ن) کے ایاز احمد کامیاب قرار پائے۔
حتمی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) نے میرپور ڈویژن میں واضح برتری حاصل کرتے ہوئے آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے مضبوط پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے سلسلے میں میرپور ڈویژن سے موصول ہونے والے انتخابی نتائج کی روشنی میں کامیاب امیدواروں کے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میرپور ڈویژن کے تمام انتخابی نتائج انتخابی قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔
 یاد رہے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری کے بعد سیاسی جماعتوں کی نظریں اب دوسرے مرحلے پر مرکوز ہیں، جس میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں اور مہاجرین مقبوضہ جموں و کشمیر مقیم پاکستان کی بارہ نشتوں پولنگ ہوگی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles