ایران کے خلاف کارروائی کا جواب ضرور دیا جائے گا: ایرانی نائب اسپیکر کی یوکرین کو وارننگ

ایران کی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر علی نیک زاد نے ایرانی جہاز پر یوکرینی حملے پر خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف ہر حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ایجسنی ’اِرنا‘ کے مطابق اتوار کو ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب اسپیکر علی نیک زاد نے یوکرین کی جانب سے بحیرہ خزر (کیسپین سی) میں ایرانی تجارتی جہاز پر حملے کو غیر ذمہ دارانہ کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے کے نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کا رکھتا ہے اور جو بھی مقام ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہوگا اسے ایران کے لیے جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔

علی نیک زاد نے یورپی ممالک کی حکومتوں پر بھی تنقید کی اور برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکا کا آلہ کار بننے سے گریز اور ایسے تنازعات سے دور رہنا چاہیے جن کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو خطے سے نکل جانا چاہیے، ورنہ اسے ایک اور بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج امریکا یا اسرائیل کی ہر کارروائی کا سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ امریکی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے صدر کو سمجھائیں ورنہ مزید امریکی فوجی تابوتوں میں واپس لوٹیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے سابق رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور انہیں یقین ہے کہ اس کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز بحیرہ خزر (کیسپین سی) میں ایک ایرانی تجارتی جہاز پر حملہ ہوا تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق اس حملے میں ایک ایرانی اہلکار جاں بحق جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے۔ ایران نے اس حملے کا الزام یوکرین پر عائد کیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles