بلوچستان میں ‘آپریشن العزم’: مزید 3 دہشت گرد ہلاک، تعداد 16 ہوگئی


بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔
آپریشن العزم کے تحت مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی کئی کمین گاہیں تباہ کردی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن العزم کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے، جبکہ کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارود اور آئی ای ڈی تیار کرنے میں استعمال ہونے والا مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث مسلسل نقصان کا سامنا ہے۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مزید تیز کی جائیں گی تاکہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles