پیرس: ‘ایپسٹین اسکینڈل’ میں نامزد فرانسیسی ریکروٹر کی پراسرار موت

امریکی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو کئی برس تک نوجوان خواتین اور ماڈلز سے ملوانے والے فرانسیسی ماڈل ریکروٹر ڈینیئل سائیڈ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ فرانسیسی حکام نے موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا ہے، جب کہ ان کے خلاف جاری انسانی اسمگلنگ کی تحقیقات بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق فرانس کے معروف ماڈل ریکروٹر ڈینیئل سائیڈ پیرس کے نواحی علاقے کولومب میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ نانتیئر کی عدالتی پراسیکیوشن کے مطابق ان کی لاش پیر کے روز برآمد ہوئی، جب کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔

ڈینیئل سائیڈ پر الزام تھا کہ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک امریکی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو نوجوان خواتین اور ماڈلز سے متعارف کراتے رہے۔

حالیہ مہینوں میں انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ جن خواتین کو انہوں نے ایپسٹین سے ملوایا، انہیں کسی قسم کا نقصان پہنچایا گیا۔

سائیڈ کے مطابق ایپسٹین نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ ماضی کے جرائم کی سزا بھگت چکا ہے اور آئندہ ایسا کچھ نہیں ہوگا، اسی لیے انہوں نے اس پر اعتماد کیا۔

فرانسیسی پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ فروری میں ڈینیئل سائیڈ کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور مجرمانہ سازش کے الزامات پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں، جو ان کی موت کے باوجود جاری رہیں گی۔

تحقیقات کے دوران اب تک 24 خواتین سامنے آ چکی ہیں یا ان کی شناخت کی جا چکی ہے، جب کہ 16 خواتین کے بیانات قلم بند کیے جا چکے ہیں اور مزید افراد سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

استغاثہ کے مطابق اب تک حاصل ہونے والے شواہد ڈینیئل سائیڈ کی فوری گرفتاری کے لیے کافی نہیں تھے، تاہم ان کی ٹیلی فون نگرانی سمیت مختلف تفتیشی اقدامات جاری تھے۔

امریکی محکمہ انصاف کی جاری کردہ دستاویزات کے مطابق جیفری ایپسٹین نے ڈینیئل سائیڈ کو ہزاروں ڈالر کی ادائیگیاں کیں۔ ان ریکارڈز میں دونوں کے درمیان ایسے پیغامات بھی موجود ہیں جن میں سائیڈ مختلف نوجوان خواتین کی تصاویر اور معلومات ایپسٹین کو بھیجتے رہے۔

روسی نژاد ماڈل سویتلانا پوزھیدائیوا نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ ڈینیئل سائیڈ نے ہی ان کی ملاقات ایپسٹین سے کرائی تھی، جس کے بعد وہ جنسی استحصال کا شکار ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سائیڈ کی موت کے بعد انہیں انصاف ملنے کی امید مزید کم ہو گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles