آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات 3 مراحل میں کرانے کا فیصلہ، شیڈول جاری


آزاد جموں و کمشیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سیکیورٹی فورسز کی کمی کے باعث دویژن کی سطح پر 3 مراحل میں کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے ترمیمی انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلہ کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو ہو گی۔

دوسرے مرحلے میں مظفرپور ڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد کے 9 اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی۔
انتخابات کا آخری مرحلہ 10 اگست کو ہوگا، پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع پونچھ راولاکوٹ، سدھنوتی، حویلی اور باغ کے 11 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کی مشاورت سے سیکورٹی فورسز کی کمی کے باعث انتخابات تین مراحل میں ڈویژن کی سطح پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے نتائج بھی روایتی انداز کے بجائے مرحلہ وار ہی جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آزاد کشمیر میں حالات بہت خراب ہیں، فوج کی خدمات تو تب حاصل کی جاتی ہیں جب حالات بالکل کنٹرول سے باہر ہوں، ہم مرحلہ وار انتخابات اسی لیے کرا رہے ہیں تاکہ امن و امان قائم رہے اور ووٹرز کو شفاف ماحول مل سکے۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں یہ شدید شک و شبہات پائے جا رہے تھے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شاید انتخابات ملتوی کر دیے جائیں تاہم الیکشن کمیشن نے حتمی مشاورت کے بعد نظرثانی شدہ ضابطہ کار تیار کر کے نیا پولنگ پروگرام جاری کر دیا ہے۔
غلام مصطفیٰ مغل نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام ریاست چلانا نہیں بلکہ انتخابات کرانا ہے اور ہم اپنا کام بخوبی کر رہے ہیں۔
سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ مکمل
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ روز صبح 8 سے شام 5 بجے تک پرامن ماحول میں جاری رہا، 3 ڈویژنز کے 8 اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 ملازمین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔

راولاکوٹ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ میرپورڈویژن کے 3 اضلاع کی 13 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیا جب کہ مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
پولنگ کے عمل کے بعد سیل شدہ بیلٹ باکسز اور تمام انتخابی سامان مقررہ ضابطے کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے سپرد کردیا گیا۔ ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج کا باضابطہ اعلان عام انتخابات کے لیے مقرر کردہ پولنگ کے روز کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles