اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی


محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، اٹک، چکوال، جہلم، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان میں شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے وسطی اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی کنٹرول روم اور تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے، جہاں صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
اتھارٹی نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے فوری نکاسی آب یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، لٹکتی ہوئی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles