
امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ اپنے چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ابتدائی مرحلے میں حصہ لینے والی 48 ٹیموں میں سے اب آدھی سے بھی کم ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں۔
ناک آؤٹ مرحلے کے راؤنڈ آف 16 کے مقابلے جاری ہیں، جن کے دوسرے روز تک چار ٹیموں نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اب تک کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں مراکش، فرانس، ناروے اور انگلینڈ شامل ہیں۔
راؤنڈ آف 16 کے دوران بعض ٹیموں نے شاندار اور آسان فتوحات حاصل کیں، جبکہ کچھ ٹیموں کو آخری لمحات تک سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ دباؤ کے باوجود اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
اب راؤنڈ آف 16 کے چار اہم مقابلے باقی ہیں۔ 6 جولائی کو امریکا کے شہر ڈلاس میں پرتگال اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ اسی روز سیئٹل میں امریکا اور بیلجیئم کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔
7 جولائی کو کینیڈا کے شہر وینکوور میں سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کی ٹیموں کا مقابلہ ہوگا، جبکہ اسی روز امریکا کے شہر اٹلانٹا میں ارجنٹینا اور مصر آمنے سامنے ہوں گے۔ ان مقابلوں کے فاتحین کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز 9 جولائی سے ہوگا۔ پہلے میچ میں فرانس اور مراکش کی ٹیمیں بوسٹن میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
10 جولائی کو لاس اینجلس میں امریکا یا بیلجیئم کی فاتح ٹیم کا مقابلہ پرتگال یا اسپین کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
11 جولائی کو میامی میں ناروے اور انگلینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا، جبکہ آخری کوارٹر فائنل 12 جولائی کو کنساس سٹی میں ہوگا، جہاں ارجنٹینا یا مصر کی فاتح ٹیم کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ یا کولمبیا کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ورلڈ کپ کے اس مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیموں کا ٹائٹل جیتنے کا سفر اختتام پذیر ہو جائے گا۔