
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 30 کے قریب بچے ملبے تلے دب گئے، ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو بحفاظت نکالنے میں مصروف ہیں، اب تک 15 بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا جب کہ کئی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
منگل کے روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں 8 سے 10 بچوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع ملی تھی تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ واقعے کے وقت تقریباً 30 بچے متاثر ہوئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے اب تک 15 بچوں کو ملبے سے نکال لیا ہے اور تمام بچوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ 4 سے 5 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو کے مطابق متعلقہ کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر کی مدد سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہوگئی۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔