
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت نیچے آنے کے اثرات مقامی بازاروں پر دیکھنے میں آئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 100 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 24 ہزار 836 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 515 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 64 ہزار 228 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار رہا، جہاں فی اونس سونا 41 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 24 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے رجحانات کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں متاثر ہوتی ہیں۔
تاجروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی تھی، جہاں فی تولہ سونا 2300 روپے اور 10 گرام سونا 1972 روپے سستا ہوا تھا۔