
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر F-7/1 میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اعضاء کی مبینہ اسمگلنگ میں ملوث غیر ملکیوں سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انسانی اعضاء کی مبینہ اسمگلنگ میں ملوث گرفتار افراد میں سے 3 چینی اور 2 پاکستانی شہری ہیں، گرفتار ملزمان میں چینی شہری لی گینگ لئی، وانگ بھاؤ اور پینگفی گاؤ جب کہ پاکستانی شہری وقاص سرور اور قیصرحنیف شامل ہیں۔
چھاپے کے دوران گھر سے مختلف انسانی اعضاء اور مبینہ طور پر انسانی گوشت بھی برآمد کیا گیا ہے، انسانی اعضا قبضے میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
گرفتار پاکستانی شہری چینی ملزمان کے ساتھ بطور ڈرائیور اور مبینہ طور پر انسانی سپلائی کے نیٹ ورک میں معاونت کررہے تھے۔
ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے اور اس مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔